29 مارچ 2023ء

ڈیجیٹل صنفی شمولیت کی حکمت عملی پر توثیقی ورکشاپ

اسلام آباد (29 مارچ، 2023): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے یونیسکو پاکستان کے تعاون سے ڈیجیٹل صنفی شمولیت کی حکمت عملی پر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کا عمل کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔
اس عمل میں پاکستان بھر میں منعقد کی جانے والی ورکشاپس اور سروے تسلسُل سے شامل تھے جس کا اختتام آج پی ٹی اے ہیڈکوارٹر، اسلام آباد میں منعقدہ ایک توثیقی ورکشاپ پر ہوا۔ ورکشاپ کی نظامت یونیسکو کی کنسلٹنٹ صدف خان نے کی۔ ورکشاپ میں سرکاری اداروں کے نمائندوں بشمول وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام، وزارت تجارت، وزارت انسانی حقوق، یو ایس ایف، اگنائٹ، ایف آئی اے، ہائر ایجوکیشن کمیشن، نیشنل کمیشن آن سٹیٹس آف وومن، بی آئی ایس پی وغیرہ نے شرکت کی۔ورکشاپ میں اقوام متحدہ جیسی غیر سرکاری تنظیموں جیسا کہ یو این وومن، یو این آئی ڈی او، جی ایس ایم اے، کوڈ فار پاکستان اور ٹیلی کام آپریٹروں نے بھی شرکت کی۔
ورکشاپ کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ ڈیجیٹل صنفی شمولیت کی حکمت عملی کا مسودہ جامع اور مقامی طبقات کی ضروریات کے عین مطابق ہو۔ اس مسودے میں اہم رکاوٹوں کو دور کرنے کے حوالے سے اقدامات جیسا کہ رسائی، قابل استطاعت، ڈیجیٹل خواندگی و مہارت، تحفظ اور شمولیت وغیرہ کے ساتھ ساتھ تجویز کردہ میکانزم اور کلیدی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعاون شامل تھے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز نے حکمت عملی میں تجویز کردہ ڈیجیٹل تقسیم کے خاتمے کے لئے مجوزہ طریقہ کار کی توثیق کی۔وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کام کی جانب سے حکمت عملی کی ترقی کے عمل کی توثیق و نفاذ کے لیے ایک اہم شراکت دار بننے کے لیے مکمل تعاون اور عزم کا اظہار کیا گیا۔
یونیسکو پاکستان کے تعاون سے ڈیجیٹل صنفی شمولیت کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔ اس حکمت عملی کا مقصد تمام سرکاری اور نجی شعبے کے اسٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کرنا ہے تاکہ اس مخصوص ایکشن پلان کی سفارش کی جا سکے جو بین الاقوامی ٹیلی کمیونیکیشن یونین کے 2030 کے اہداف کے مطابق آئی سی ٹیزاور ڈیجیٹل مہارتوں کے استعمال میں صنفی برابری کے حصول میں معاونت کر سکے۔ یہ حکمت عملی پی ٹی اے اور اسٹیک ہولڈرز کے لئے پاکستان میں ڈیجیٹل صنفی تقسیم کے خاتمے میں مدد گار ثابت ہو گی۔