10 نومبر 2023ء

چھ ماہ سے کم زیر استعمال موبائل سم کی واپسی پر چارجز کا اطلاق

اسلام آباد (10 نومبر 2023): پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر/ گلگت بلتستان میں چھ ماہ سے کم مدت سے زیر استعمال موبائل سموں کی واپسی پر موبائل فون آپریٹرز یکم جنوری 2024 سے 200 روپے تک چارجز لاگو کرنے کے مجاز ہیں ۔ 
اس حوالے سے صارفین رجسٹرڈ سموں کا اسٹیٹسhttps://cnic.sims.pk/ پر یا اپنا شناختی کارڈ نمبر (بغیر ڈیشز) کے ساتھ 668 پر ایس ایم ایس بھیج کر (چارجز لاگو ہوں گے)معلوم کر سکتے ہیں۔ مزید برآں، تمام صارفین کو ان کے مفاد میں آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ 31 دسمبر 2023 تک اپنی غیر ضروری موبائل سمیں بلا معاوضہ واپس کر سکتے ہیں تاکہ سم کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔ 
واضح رہے کہ صارف کی معلومات یا رضامندی کے بغیر غیر قانونی سم کے اجراء کی صورت میں سم کو ایک بار بلامعاوضہ ختم کرنے کی اجازت ہو گی۔ 
مزید برآں ان تمام تر کاوشوں کے پیش نظر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) تمام ٹیلی کام صارفین کے لیے بلا تعطل معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے قومی سلامتی و تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
 
ملاحت عبید 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ