25 اکتوبر 2021ء

پی ٹی اے جی ایس ایم اے کی پاکستان میں موبائل شناخت کے مواقع پر ورکشاپ

اسلام آباد (25 اکتوبر 2021) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور جی ایس ایم اے نے 25 اکتوبر 2021 کو پی ٹی اے آڈیٹوریم میں ایک ورکشاپ کا اہتمام کیا جس کا مقصد صارفین اور کاروباری اداروں کو ڈیجیٹل شناخت کے فوائد سے آگاہ کرنا تھا تاکہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی راہیں ہموار کی جا سکیں۔ ورکشاپ میں پی ٹی اے کے سینئر افسران، تمام موبائل آپریٹرز اور عالمی کلاؤڈ کمیونیکیشن پلیٹ فارم انفوبپ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
ورکشاپ کے دوران جی ایس ایم اے اور انفوبپ کے اسپیکرز نے موبائل شناخت کی اہم ضروریات اور افعال کو پیش کیا جس میں صارفین کے ڈیٹا کی حفاظت کے لیے بہتر حفاظتی اقدامات کے معاملات پر توجہ مرکوز کی گئی۔
سیشن کے بعد شرکاء کے درمیان بات چیت اور رائے کا تبادلہ خیال ہوا جہاں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ موبائل انڈسٹری ڈیجیٹل شناخت اور آپریٹرز کے لیے تجارتی مواقع میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے. 
موبائل آپریٹرز کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ صارفین کے اعتماد کو یقینی بنائے جو ڈیجیٹل معیشت کی مسلسل ترقی کے لیے ضروری ہے۔ پی ٹی اے ہمیشہ ڈیجیٹل پاکستان وژن کے مطابق صارفین کی سہولت کیلئے منفرد حل جیسا کہ موبائل شناخت متعارف کرانے میں معاون رہا ہے۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مشاورت کا عمل ایک ورکنگ گروپ کی شکل میں جاری رہے گا جس میں موبائل شناخت کے عمل میں مزید سٹیک ہولڈرز کی نمائندگی شامل ہوگی۔