16 نومبر 2023ء

ٹیلی کام انفراسٹرکچر شیئرنگ فریم ورک کی منظوری: ٹیلی کام کے شعبے میں ترقی و جدت کا ایک اہم سنگ میل

اسلام آباد (16 نومبر 2023): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)کی جانب سے تیار کردہ ٹیلی کام انفراسٹرکچر شیئرنگ فریم ورک (ٹی آئی ایس ایف) کی وفاقی حکومت کی جانب سے منظوری دے دی گئی ہے۔
یہ فریم ورک وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن (ایم او آئی ٹی ) اور ٹیلی کام شعبے کی مشاورت سے تیار کیا گیا تھا۔ یہ فریم ورک لائسنس دہندگان کو اپنے فعال اور غیر فعال ٹیلی کام انفراسٹرکچر کو منصفانہ اور مسابقتی طریقہ کار کے تحت ایک ریگولیٹری میکانزم فراہم کرتا ہے۔ ٹیلی کام انفراسٹرکچر شیئرنگ فریم ورک کی منظوری پاکستان میں ٹیلی کام سیکٹر کی ترقی و پائیداری کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ توقع ہے کہ اس کے نفاذ سے ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی تنصیب (CapEx) اور آپریٹنگ کی لاگت (OpEx) میں نمایاں کمی آئے گی، جس سے بالآخر صارفین کوقیمت میں کمی اور بہتر معیار کی صورت میں فائدہ پہنچے گا۔
پاکستان میں بڑھتے ہوئی افراط زر، کم اے آر پی یو (ARPU)، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ، آمدنی کے چیلنجز، فور جی اور فائیو جی کی توسیع کے لیے بڑے پیمانے پر CapEx کی مانگ، دور دراز علاقوں کو مربوط کرنے ، اور ملک بھر ٹیلی کام سروسز کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے پاکستان میں ٹیلی کام انفراسٹرکچر شیئرنگ کی بہت ضرورت تھی۔ٹیلی کام انفراسٹرکچر شیئرنگ نئی سروسز کے لیے ایک اسٹارٹ اپ کے طور پر کام کرتا ہے جس میں کوریج فوٹ پرنٹ اور ابتدائی ٹائم ٹو مارکیٹ (ٹی ٹی ایم)مصنوعات اہمیت کی حامل ہیں ۔یہ فریم ورک آپریٹرز کے مابین مسابقت کی توسیع کرتا ہے تاکہ معیاری ٹیلی کام سروسز دینے پر توجہ مرکوز کی جا سکے۔
پی ٹی اے ٹیلی کام انفراسٹرکچر شیئرنگ فریم ورک کی ترقی اور منظوری میں معاونت کے لیے وزارت آئی ٹی کی خدمات کو سراہتا ہے۔پی ٹی اے اس فریم ورک کے ٹیلی کام سیکٹر پر مثبت اثرات کے لیے پر عزم ہے اور توقع ہے کہ اس فریم ورک کو لاگو کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں عمل میں لائی جائیں گی تاکہ پاکستان کو ایک ڈیجیٹل معیشت کے طور پر آگے بڑھانے کے مشترکہ ہدف سے ہم آہنگ کیا جا سکے ہے۔
یہ فریم ورک پی ٹی اے کی ویب سائٹ www.pta.gov.pk پر دستیاب ہے۔ واضح رہے کہ ٹیلی کام انفراسٹرکچر شیئرنگ سے مراد ٹیلی کام نیٹ ورک اور دیگر وسائل بشمول غیر الیکٹرانک اور فزیکل انفراسٹرکچر کا اشتراک ہے۔
 
 
ملاحت عبید 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ