06 اکتوبر 2023ء

پی ٹی اے کا سرگودھا میں غیر قانونی انٹرنیٹ سروس فراہم کنندگان کے خلاف کامیاب چھاپہ

اسلام آباد (6 اکتوبر، 2023): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر قانونی انٹرنیٹ سروسز کے خاتمے کے حوالے سے جاری اپنی مسلسل کاوشوں کے تسلسل میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے ساتھ مل کر سرگودھا میں دو کامیاب چھاپے مارے۔
پہلا چھاپہ آر بی بلاک، روز ویلی سوسائٹی میں مارا گیا، جبکہ دوسرا برج عمر پلازہ، میاں خان روڈ پر مارا گیا۔ اس موقع پر ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔ مزید برآں، غیر قانونی آئی ایس پیز کی مختلف ڈیوائسز بشمول سوئچز، راؤٹرز، لیپ ٹاپ، اینٹینا وغیرہ قبضے میں لے لئے گئے۔واضح رہے کہ یہ ادارے سرگودھا اور گردونواح میں پی ٹی اے لائسنس کے بغیر آئی ایس پی سروسز فراہم کر رہے تھے۔
غیر قانونی آئی ایس پیز کے خلاف کامیاب چھاپے پی ٹی اے کی مسلسل نگرانی، عزم اور غیر قانونی انٹرنیٹ سروسز کی روک تھام کے حوالے سے جاری مسلسل کوششوں کی وجہ سے ممکن ہوئے، اسی طرح ٹیکس چوری اور ریونیو کی غلط رپورٹنگ کے حوالے سے قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان میں بھی کمی دیکھنے میں آئے گی۔
عوام الناس کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ صرف پی ٹی اے کے لائسنس یافتہ آپریٹرز سے ٹیلی کام خدمات حاصل کریں تاکہ سروس میں اچانک تعطل سے بچا جا سکے۔ لائسنس یافتہ آپریٹرز کی فہرست یہاں دستیاب ہے: https://pta.gov.pk/en/industry-support/home/list-of-operators