20  ستمبر 2023ء

سموں کے غیر قانونی اجراء کے خلاف پی ٹی اے کی کارروائی

اسلام آباد (20 ستمبر 2023): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے زونل آفس لاہور نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم سرکل کے ساتھ مل کر لالہ موسیٰ میں واقع موبائل فون کمپنی کی دو فرنچائزز کے خلاف کامیاب چھاپے مارے۔.یہ فرنچائز سموں کے غیر قانونی اجرا میں ملوث پائی گئیں۔
چھاپے کے دوران ایک لیپ ٹاپ، ایک موبائل فون، 48 بی وی ایس ڈیوائسز، 48 سمیں اور سلیکون تھمبز بطور ثبوت قبضے میں لیے گئے اور ایف آئی اے کی ٹیم نے موقع پر ہی دو افراد کو بھی گرفتار کیا۔ ایف آئی اے کی جانب سے اس معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ پی ٹی اے نے اس سے قبل فروخت چینلز کی جانب سے سموں کے غیر قانونی اجراء سے متعلق معلومات کی بنیاد پر ایف آئی اے کو شکایات درج کرائی تھیں۔ چند روز قبل اسی ٹیم نے قصور میں بھی چھاپہ مارا تھا۔
 
یہ چھاپے ملٹی فنگر بائیو میٹرک ویری فکیشن سسٹم (ایم بی وی ایس) کے ذریعے پی ٹی اے کی جانب سے جاری کوششوں کا حصہ ہیں۔ ان اقدامات سے سموں کے غیر قانونی اجراء کے خاتمے کے لیے اتھارٹی کے مثبت عزائم اور لگن ظاہر ہو تی ہے۔ 
 
 
ملاحت عبید
ڈائریکٹر تعلقات عامہ