29 دسمبر 2023ء

پی ٹی اے اور ایچ ای سی کا سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی روک تھام سے متعلق آگاہی کے لئے تعاون پر اتفاق

اسلام آباد (29 دسمبر 2023): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی روک تھام کے حوالے سے آگاہی کے لئے تعاون اور مربوط کاوشوں پر اتفاق کیا ہے تاکہ انتظامیہ، فیکلٹی اور تمام یونیورسٹیوں کے طلبہ کے ساتھ ملکر معاشرے سے اس کے خاتمے کے عظیم مقصد میں اپنا موثر کردار ادا کیا جا سکے۔
چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمن اور چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں فریقین کی جانب سے بھرپور تعاون اور مشترکہ تعلیمی منصوبوں کے ذریعے مثبت نتائج کے لیے عزائم ظاہر کئے گئے ۔
چےئرمین پی ٹی اے نے ایچ ای سی کے اقدامات کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے سائبر اسپیس کے ذمہ دارانہ استعمال سے متعلق اہم چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ اس سلسلے میں پی ٹی اے کی طرف سے ملک کے معروف مذہبی اسکالرز کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا جبکہ اس ضمن میں متعدد بین الاقوامی اداروں جیسے یونیسیف، ٹک ٹاک اور ٹیلی نار پاکستان کے ساتھ اشتراک سے متعدد آگاہی مہم چلائی گئیں ۔ ایچ ای سی اور پی ٹی اے کے مابین یہ تعاون انٹرنیٹ پر غیر قانونی مواد/سرگرمیوں میں کمی اور آن لائن سرگرمیوں کے لیے سائبر اسپیس کے استعمال میں نوجوانوں کو ملوث کرنے کی راہ ہموار کرے گا۔
ایچ ای سی کے چےئرمین نے پی ٹی اے کی طرف سے بالخصوص انٹرنیٹ کے محفوظ، ذمہ دارانہ اور مثبت استعمال کو فروغ دینے کے متعدد اقداما ت کی تعریف کی ۔انہوں نے کہا حالیہ سمینا انٹرنیشنل لیڈ ایوارڈ بچوں اور نوجوانوں کے آن لائن تحفظ کو یقینی بنانے کے پی ٹی اے کے عزم کا اعتراف ہے۔ انہوں نے 'پاکستان ایجوکیشن ریسرچ نیٹ ورک' (پی ای آر این) اور یونیورسٹیوں میں 100 سمارٹ کلاس رومز کا قیام سمیت ایچ ای سی کے اہم اقدامات پر مزید روشنی ڈالی جو سائبر اسپیس کے ذمہ دارانہ اور مثبت استعمال کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز بالخصوص نوجوانوں میں آگاہی کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ۔
دونوں فریقین کی جانب سے مشترکہ بنیادی قومی مفادات سے متعلقہ امور پر اتفاق رائے کیا گیا۔