20 فروری 2023ء

پی ٹی اے کا پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں کیو او ایس سروے

اسلام آباد (20 فروری، 2023): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے 22 شہروں کے ساتھ ساتھ ملک بھر کی 13 موٹرویز اور ہائی ویز پر سروس کے معیار کو جانچنے کے لئے ایک آزاد کیو او ایس (کوالٹی آف سروس) سروے کیا۔ یہ سروے موبائل فون آپریٹروں (سی ایم اوز) کی کارکردگی اور خدمات کے معیار کو جانچنے کے لئے کیا گیا جو صارفین کو فراہم کی جا رہی ہیں۔
سروے کے نتائج سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ موبائل فون آپریٹروں کی جانب سے اپ لوڈ نگ اور ڈاؤن لوڈنگ کی رفتار کے حوالے سے کافی حد تک تعمیل کی گئی جبکہ نیٹ ورک لیٹنسی اور ویب پیج لوڈنگ کا وقت تھریش ہولڈ سے کم پایا گیا۔ اسی طرح ایس ایم ایس اور وائس کے پی آئیز بھی کچھ علاقوں میں لائسنس تھریش ہولڈ سے کم پائے گئے ہیں۔
سروے کے دوران، موبائل نیٹ ورک کوریج سمیت وائس، ایس ایم ایس اور موبائل براڈ بینڈ کا تجزیہ نیکسٹ جنریشن موبائل سروس لائسنس (این جی ایم ایس) اور سیلولر موبائل نیٹ ورک کوالٹی آف سروس (کیو او ایس)ریگولیشن 2021 میں درج کے پی آئیزکو جدید ترین خودکار کوالٹی آف سروس مانیٹرنگ اور بینچ مارکنگ ٹول کے استعمال کے ذریعے کیا گیا ۔ ڈرائیو ٹیسٹ ٹیموں نے سروے کے راستوں کا انتخاب اس طرح کیا تاکہ سروے شدہ علاقوں میں مین روڈز، سروس روڈز اور زیادہ تر سیکٹرز/کالونیوں کو شامل کیا جا سکے۔ متعلقہ لائسنسوں اور کیو او ایس ضوابط میں متعین حد کے مطابق ہر کے پی آئی کی تعمیل کی بنیاد پر سروے شدہ شہروں/ موٹر ویزمیں موبائل فون آپریٹروں کو موبائل نیٹ ورک کوریج اور وائس سروسز میں 1 سے 4 تک پوزیشن دی گئی۔ اسی طرح، موبائل براڈ بینڈ سپیڈ سیگمنٹ میں، درجہ بندی سب سے زیادہ ڈیٹا ڈاؤن لوڈ اور اپ لوڈ کی رفتار، نیٹ ورک لیٹنسی اور ویب پیج لوڈنگ کے ٹائم کے مطابق کی گئی ہے۔ 
آپریٹروں کو لائسنس یافتہ معیارات تک سروس کے معیار میں بہتری کو یقینی بنانے کے لیے اصلاحی اقدامات کرنے کے لیے ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ سروے کے نتائج سبسکرائبرز کی معلومات کے لیے پی ٹی اے کی ویب سائٹ https://pta.gov.pk/en/consumer-support/qos-survey/qos-survey)) پر موجو ہیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی اے کی جانب سے موبائل آپریٹر وں کو بہتر خدمات فراہم کرنے اور ان کے مابین صحت مند مسابقت کو فروغ دینے کے مقاصد کے تحت سروس کے معیار کی نگرانی کی سرگرمیوں کے لیے فیلڈ ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔
 
ملاحت عبید 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ