08 دسمبر 2023ء

پی ٹی اے کا خیبرپختونخواہ، پنجاب، سندھ اورگلگت بلتستان میں کوالٹی آف سروس سروے

(اسلام آباد: 8 دسمبر، 2023): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے خیبر پختونخو ا ہ، پنجاب، سندھ اور گلگت بلتستان کے 17 شہروں میں موبائل فون آپریٹروں (سی ایم اوز) کی جانب سے صارفین کو فراہم کردہ سروسز کی کارکردگی اور خدمات کے معیار کو جانچنے کے لئے ایک آزاد کیو او ایس (کوالٹی آف سروس) سروے کیا۔مزید برآں، قبل ازیں سی ایم اوز کے ساتھ مشترکہ کوالٹی آف سروس سروے تیسری سہ ماہی یعنی جولائی تا ستمبر 2023 کے دوران گلگت بلتستان کے سات (07) شہروں میں کیا گیا۔
سروے کے دوران نیکسٹ جنریشن موبائل سروس لائسنس (این جی ایم ایس) اور موبائل فون نیٹ ورک کوالٹی آف سروس (کیو او ایس)ریگولیشن 2021 میں درج کے پی آئیزکو جدید ترین خودکار کوالٹی آف سروس مانیٹرنگ اور بینچ مارکنگ ٹول کے استعمال کے ذریعے چیک کیا گیا۔ چیک شدہ کے پی آئیزآواز، نیٹ ورک کوریج، ایس ایم ایس اور موبائل براڈ بینڈ/ڈیٹا سروسز سے متعلق ہیں۔ 
متعلقہ لائسنسوں اور کیو او ایس ضوابط میں متعین حد کے مطابق ہر کے پی آئی کی تعمیل کی بنیاد پر سروے شدہ شہروں میں موبائل فون آپریٹروں کو موبائل نیٹ ورک کوریج اور وائس سروسز میں 1 سے 5تک پوزیشن دی گئی۔ اسی طرح، موبائل براڈ بینڈ سپیڈ سیگمنٹ میں، درجہ بندی سب سے زیادہ ڈیٹا ڈاؤن لوڈ اور اپ لوڈ کی رفتار، نیٹ ورک لیٹنسی اور ویب پیج لوڈنگ کے ٹائم کے مطابق کی گئی ہے۔
اپ لوڈ اور ڈاؤن لوڈ تھرو پٹس اور نیٹ ورک لیٹنسی کی کارکردگی کا اندازہ لگانے کے لئے اوکلا اسپیڈ ٹیسٹ موبائل ایپلیکیشن کا ستعمال کرتے ہوئے سی ایم اوز کی کارکردگی کو بھی بینچ مارک کیا گیا تھا۔ 
سروے کے نتائج سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ موبائل فون آپریٹروں کی جانب سے اپ لوڈ نگ اور ڈاؤن لوڈنگ کی رفتار کے حوالے سے کافی حد تک تعمیل کی گئی ہے جبکہ گزشتہ سروے کے مقابلے میں نیٹ ورک میں تاخیر اور ویب پیج لوڈنگ کے وقت میں بھی کافی بہتری پائی گئی۔ اسی طرح کچھ وائس کے پی آئیز بھی کچھ علاقوں میں لائسنس تھریش ہولڈ سے کم پائے گئے ہیں۔ بالآخر، آپریٹرز کو اصلاحی اقدامات کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ لائسنس کے معیارات کے مطابق سروس میں بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔ سروے کے مکمل نتائج سبسکرائبرز کی معلومات کے لیے پی ٹی اے کی ویب سائٹ(https://pta.gov.pk/en/consumer-support/qos-survey/qos-survey). پرملاحظہ کئے جا سکتے ہیں۔
سروس کے معیار کی جانچ پڑتال سروے پر مامور پی ٹی اے کی فیلڈ ٹیموں کے ذریعے انجام دی جا تی رہی ہے جس کامقصد آپریٹروں کوموبائل خدمات کی معیاری سطح پر فراہمی اور صحت مند مقابلے کی فضاء کو فروغ دینا ہے۔
 
 
ملاحت عبید
ڈائریکٹر تعلقات عامہ