07  ستمبر 2023ء

پی ٹی اے اور ٹک ٹاک کا نوجوان نسل کو محفوظ ڈیجیٹل ماحول کی فراہمی کے لیے مفاہمتی یاداشت پر دستخط

اسلام آباد (07 ستمبر 2023) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) اور ٹک ٹاک نے آج یہاں پی ٹی اے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں مفاہمتی یاداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے۔
اس تعاون کا مقصد پاکستان بھر کے سرکاری اسکولوں میں محفوظ ڈیجیٹل ماحول کو فروغ دینا ہے۔ اس پروگرام میں اساتذہ، والدین اور طلباء کے لیے جامع تربیتی پروگرام اور رہنما خطوط شامل ہیں جس میں ورکشاپس، سیمینارز، ویبینار، آگاہی ویڈیوز وغیرہ کے ذریعے سوشل میڈیا کے محفوظ اور صحیح استعمال پر روشنی ڈالی جائے گی اور اس سے منسوب نقصانات سے بچاؤ کے طریقہ کار کے بارے میں بتایا جائے گا ۔
اس اہم تقریب میں چیئرمین پی ٹی اے، میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمن، ڈائریکٹر جنرل (ویب انالیسز ڈیپارٹمنٹ) اور ڈائریکٹر جنرل (سٹریٹیجی اینڈ ڈویلپمنٹ) کے ساتھ ساتھ وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام کے نمائندے بھی موجود تھے۔ ٹک ٹاک پر پاکستان کے لئے پبلک پالیسی اینڈ گورنمنٹ ریلیشنز کے سربراہ فہد خان نیازی کے ساتھ ساتھ ٹک ٹاک کے لیے پبلک پالیسی پروگرامز ساؤتھ ایشیا کی سربراہ محترمہ زارا بشارت ہِگز بھی موجود تھیں۔
دوران تقریب اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ پی ٹی اے ڈیجیٹل تحفظ کے حوالے سے پر عزم ہے۔ ٹک ٹاک کے ساتھ یہ شراکت ایک اہم سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے محفوظ آن لائن ماحول کی جانب پی ٹی اے کا ایک اہم قدم ہے ۔
یہ تعاون محفوظ ڈیجیٹل ماحول کی فراہمی کے لیے دونوں اداروں کے وژن کی عکاسی کرتا ہے جہاں تحفظ سب کے لئے اہم ہے۔واضح رہے کہ یہ اقدام مقامی سطح پر ڈیجیٹل ماحول کے فروغ کے ضمن میں دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے لئے ایک اہم پیش رفت ہے ۔