18  اگست 2023ء

ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کے فروغ کیلئے پی ٹی اے اور پی آئی ٹی بی کا لاہور میں آئی ایکس پی کا آغاز

لاہور (18 اگست، 2023): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی )کی جانب سے آج لاہور انٹرنیٹ ایکسچینج پوائنٹ (آئی ایکس پی) کے افتتاح کے ساتھ ایک اہم سنگ میل کا حصول ممکن ہوا ۔ یہ جدید سہولت پورے خطے کے ڈیجیٹل روابط میں تبدیلی کا باعث ہو گی ۔ 
افتتاحی تقریب ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک (اے ایس ٹی پی ) میں ہوئی جس میں انڈسٹری لیڈرز، سرکاری افسران، اہم اسٹیک ہولڈرز اور انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز (آئی ایس پیز) نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ انٹرنیٹ سوسائٹی (آئی ایس او سی)، ایشیا پیسیفک نیٹ ورک انفارمیشن سینٹر (اے پی این آئی سی) اور جاپان رجسٹری سروسز(جے پی آر ایس)سے متعلقہ بین الاقوامی اسٹیک ہولڈرز نے تقریب میں آن لائن شمولیت کی۔
افتتاحی تقریب میں صنعت سے وابستہ اہم شخصیات نے پریزنٹیشنز اور تقاریر پیش کی جس میں آئی ایکس پی کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی توسیع اور انٹرنیٹ پر مبنی پاکستانی معیشت کی ترقی میں معاونت کے امور پر زور دیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، چیئرمین پی ٹی اے، میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمان نے لاہور آئی ایکس پی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس کے مختلف فوائد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے آئی ایکس پی کی اقتصادی ترقی و ترویج، ڈیجیٹل سروسز تک زیادہ سے زیادہ رسائی اور نیٹ ورک کی کارکردگی میں توسیع کو سراہا۔ پی آئی ٹی بی کے چیئرمین فیصل یوسف نے اس موقع پر کہاکہ ''مقامی طور پر آئی ایکس پی کے آغازسے بین الاقوامی ڈیٹا روٹس پر ہمارا انحصار کم ہو جائے گا۔ جس سے ایک قابل اعتماد اور مضبوط انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی یقینی طور پر میسر ہو گی۔ 
تقریب کے دیگر مقررین میں چیف انفارمیشن آفیسر پی آئی ٹی بی سجاد غنی، ڈائریکٹر جنرل پی ٹی اے سی وی ڈی ڈاکٹر محمد مکرم خان، ریجنل ڈائریکٹر آئی ایس او سی، نوید حق؛ آئی ایکس پی کے ماہر آئی ایس او سی ، آفتاب صدیقی؛ ڈائریکٹر جنرل اے پی این آئی سی، مسٹر پال ولسن، اور جی ایم جے پی آر ایس، مسٹر کازوہیرو کیتامورا بھی شامل تھے۔
لاہور آئی ایکس پی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی توسیع کے ضمن میں ایک اہم اقدام ہے ۔اس کا آغاز ٹیلی کام اور آئی ٹی کے شعبے کی ترقی و ترویج کے ضمن میں پی ٹی اے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے ۔ اس اقدام سے قائم ادارے اور چھوٹے آپریٹرزدونوں مسابقتی ماحول کے قیام اوربہتر کنیکٹیویٹی سے فائدہ اٹھا سکیں گے ۔واضح رہے کہ پی ٹی اے ڈیجیٹل دائرہ کار میں معاونت اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔