02 مارچ 2023ء

پی ٹی اے اور نادرا کے مابین باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد (02 مارچ 2023): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پی ٹی اے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے۔ جس کے قومی سطح پر ڈیجیٹل، سماجی اور اقتصادی تبدیلی کے حوالے سے اہم اثرات مرتب ہوں گے۔
تعاون کے مختلف شعبوں میں ای گورننس سے متعلقہ اقدامات کے ضمن میں نئی آئی سی ٹی ٹیکنالوجیز کو اپنانا، بائیو میٹرک ویری فکیشن انوویشن، اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کے حصول اور حکومت پاکستان کے ''وژن 2025'' میں تعاون کے لیے آئی سی ٹیز کا استعمال شامل ہیں۔ یہ تعاون تنظیمی اہداف کے حصول کے لیے جاری اور مستقبل کے پروگراموں بشمول ڈیجیٹل شناخت، ملٹی فنگر بائیو میٹرک تصدیقی نظام، اور دھوکہ دہی کا سراغ لگانے سمیت اس کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات کو مزیدمضبوط و مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا ۔ 
تقریب میں چیئرمین نادرا طارق ملک ، ممبر (فنانس) پی ٹی اے محمد نوید اور دونوں اداروں کے سینئر افسران نے شرکت کی ۔ ایم او یو پر ڈی جی (اسٹریٹیجی اینڈ ڈویلپمنٹ) پی ٹی اے چوہدری مدثر نوید اور چیف پراجیکٹ آفیسر نادرا محمد گوہر احمد خان نے دستخط کیے۔
تقریب کے دوران چیئرمین نادرا نے نادرا کی جانب سے جاری سرگرمیوں میں پی ٹی اے کے تعاون کا جائزہ لیتے ہوئے دونوں اداروں کے مابین تعاون کی بھرپور اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس مفاہمت کے نتیجے میں پاکستان کے حوالے سے مثبت نتائج کی توقع کی امید ظاہر کی ۔ 
ممبر فنانس پی ٹی اے نے بھی مفاہمت کے حوالے سے موجودمواقعوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ مفاہمت دونوں اداروں کے مابین قوتوں کا سر چشمہ ثابت ہو گی جس سے جدت اور تعاون کو فروغ حاصل ہو گا ۔
مزید برآں، ایم او یو کا مقصد ایک کوآرڈینیشن میکانزم کا قیام عمل میں لانا ہے تاکہ کام کرنے کے مشترکہ مواقعوں ، معلومات کے تبادلے کے ذریعے استعداد کار ، اور متعلقہ مسائل وتکنیکی ترقی پر سیشنز/ تربیتی امور کو مزید بہتری کی جانب راغب کیا جا سکے۔ 
دونوں اداروں کے مابین شراکت ملک میں ڈیجیٹل معاشرے کے قیام کے وژن اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے ایک اہم قدم ثابت ہوگا ۔
 
ملاحت رب 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ