11 اکتوبر 2023ء

پی ٹی اے اور ایس ای سی پی کے مابین باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد، 11 اکتوبر، 2023: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی جانب سے دونوں ریگولیٹرز کے مابین طریقہ کار برائے تعاون و تبادلہ معلومات کے ضمن میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب ایس ای سی پی ہیڈ آفس اسلام آباد میں ہوئی۔ چیئرمین پی ٹی اے، میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمان، چیئرمین ایس ای سی پی عاکف سعید؛ کمشنرز ایس ای سی پی، مجتبیٰ احمد لودھی اورعبدالرحمن وڑائچ؛ ممبر کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ پی ٹی اے ڈاکٹر خاور صدیق کھوکھر اور دونوں اداروں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
مفاہمت نامے کا مقصد پی ٹی اے اور ایس ای سی پی کے مابین باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے لیے فریم ورک کے قیام اور اس میں وسیع پیمانے پر اقدامات شامل ہیں۔ یہ مقاصد حکومت پاکستان کے ''وژن 2025'' کے تحت ای گورننس کے حوالے سے اقدامات، تبادلہ ء معلومات؛ مشترکہ دلچسپی کے شعبوں پر پالیسی و ریگولیٹری آراء، کاروباری امور میں بہتری، سائبرسیکیوریٹی، ڈیٹا مینجمنٹ اور استعداد صلاحیت وغیرہ پر مبنی ہیں۔
چیئرمین پی ٹی اے، میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمان نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان کے ڈیجیٹل منظر نامے کی توسیع کے لیے دونوں اداروں کے مابین اجتماعی کاوشوں کو بروئے کار لانے پر زور دیا۔ انہوں نے مختلف سرکاری اور نجی اداروں کے ساتھ پی ٹی اے کے کامیاب کراس سیکٹر تعاون پر بھی روشنی ڈالی۔
چیئرمین ایس ای سی پی عاکف سعید نے اس موقع پر ملک میں محفوظ ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے قیام میں پی ٹی اے کی فعال کوششوں کو سراہا. انہوں نے اس موقع پر غیر قانونی لون ایپس کے بارے میں شعور اجاگر کرنے میں پی ٹی اے کی جانب سے معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ مزید برآں انہوں نے تمام ریگولیٹری اداروں کی اجتماعی کوششوں کی اہمیت و افادیت اور مجموعی طور پر سائبر سیکورٹی سے متعلقہ اقدامات کے حوالے سے عوام الناس میں شعوری بیداری پر بھی زور دیا۔ 
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ پی ٹی اے ڈاکٹر خاور صدیق کھوکھر نے کہا کہ مشترکہ معاونت کے ذریعے دونوں اداروں کا مقصد جدت کو فروغ دینا، عوام تک خدمات کی فراہمی و توسیع اور چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر کمشنر ایس ای سی پی مجتبیٰ احمد لودھی نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پی ٹی اے کی جانب سے حال ہی میں شروع کی گئی ایس ایم ایس اور رِنگ بیک ٹون سروس کے ذریعے غیر قانونی لون ایپس سے متعلق آگاہی کے ضمن میں ایس ای سی پی کے ساتھ تعاون کو سراہا۔
ایس ای سی پی اور پی ٹی اے نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر باقاعدگی سے ملاقات اور معاونت کے لیے اپنے پختہ عزائم کا اظہار کیا۔
 
 
ملاحت عبید 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ