28 دسمبر 2023ء

” انٹرنیٹ گورننس برائے خصوصی افراد“ کے لئے لیڈر شپ ٹریننگ اختتام پذیر

اسلام آباد (28 دسمبر 2023): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)، پاتھ فائنڈر سولیوشنز، اور انٹرنیٹ سوسائٹی ایکسیبلٹی سٹینڈنگ گروپ کے مشترکہ تعاون سے منعقدہ تین روزہ ڈس ایبلٹی لیڈرشپ ٹریننگ معذور افراد کو بااختیار کرنے کی جانب اہم پیش رفت ثابت ہوئی۔ اسلام آباد میں منعقدہ اس تربیتی سرگرمی کا مقصد ایسے لیڈر ز کی تیاری تھا جو ڈیجیٹل حقوق اور انٹرنیٹ گورننس کے لیے معاشرے میں مؤثر کردار ادا کر سکیں ۔ 
ورکشاپ جامع سیشنز، مباحثے ، اور نامور مقررین کی جانب سے پیش کی گئی معلومات پر مبنی تھی ۔ لیڈر شپ ٹریننگ کی اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی میجر جنرل (ریٹائرڈ ) حفیظ الرحمان چیئرمین پی ٹی اے نے شرکت کی۔ انہوں نے ڈیجیٹل منظر نامے میں شمولیت اور رسائی کی اہمیت پر زور دیا۔ چیئرمین نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پی ٹی اے ملک میں ڈیجیٹل شمولیت کے لئے پرعزم ہے اور پی ٹی اے کی جانب سے خصوصی افراد کو سماجی و اقتصادی طور پر بااختیار بنانے کی حوصلہ افزائی کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ 
پاتھ فائنڈر سلوشنز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر محمد شبیر نے اس موقع پر مسلسل تعاون پر چیئرمین پی ٹی اے کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ''ہم سے متعلق ہمارے بغیر کچھ نہیں'' کے اصول پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حقیقی تبدیلی براہ راست متاثر ہونے والے افراد کو بااختیار بنانے سے ہی آتی ہے۔
تربیت کے شرکاء جن میں مختلف شعبوں کے نمائندے بشمول سرکاری افسران، این جی اوز، اورمعذور افراد کے حقوق سے وابستہ افراد شامل ہیں نے تقریب میں سرٹیفکیٹ حاصل کیے۔