08 دسمبر 2023ء

چیئرمین اخوت ڈاکٹر امجد ثاقب کا پی ٹی اے کا دورہ

اسلام آباد (8 دسمبر 2023): چیئرمین اخوت و بانی ڈاکٹر امجد ثاقب نے آج اسلام آباد میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔مزید برآں، وہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے چیئرپرسن بھی ہیں۔
چیئرمین پی ٹی اے، میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمان کی جانب سے ان کا پرجوش استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر سماجی خدمات پر غیر منافع بخش تنظیم کے قابل ذکر تعاون کو سراہا گیا۔ چیئرمین نے اس موقع پر سماجی بہبود کے فروغ اور معاشی ترقی میں ایسے اداروں کے اہم کردار پر زور دیا۔
بعد ازاستقبال پی ٹی اے کے ممبر (فنانس) محمد نوید نے سماجی ذمہ داری اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کی معاونت کے پیش نظر اجتماعی کوششوں کی ضرورت و اہمیت پر روشنی ڈالی۔
ڈاکٹر امجد ثاقب نے بلا سود مائیکرو فنانس اور سماجی بہبود کے مختلف پروگراموں کے ذریعے پسماندہ افراد کی مدد کرنے کے اخوت کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے اخوت کے اقدامات کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔
تقریب کے دوران ہونے والی بات چیت میں اخوت اور پی ٹی اے کے مابین ممکنہ تعاون کے لئے راہ ہموار ہوئی جس کا مقصد پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود میں اپنا کردار ادا کرنا تھا۔واضح رہے کہ سال 2022 میں، پی ٹی اے کے ملازمین نے اخوت سمیت فلاحی تنظیموں کے تعاون اور کوششوں سے سندھ میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے فعال کردار ادا کیا۔