06 اکتوبر 2023ء

سیٹرک - 24: ڈھاکہ میں چوبیسویں اجلاس کا انعقاد

ڈھاکہ (06 اکتوبر 2023): ساؤتھ ایشین ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹرز کونسل (سیٹرک - 24) کے چوبیسویں اجلاس کا آغاز بنگلہ دیش ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹری کمیشن (بی ٹی آر سی) کی میزبانی میں ڈھاکہ، بنگلہ دیش میں ہوا۔
اجلاس میں سیٹرک رکن ممالک کے ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹری اداروں کے سربراہان اور نامزد اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ ابتدائی دو دنوں کے دوران سیٹرک ایکشن پلان فیز VIII کے نتائج کی منظوری دی گئی جبکہ سیٹرک ایکشن پلان فیز IX بھی ایجنڈے کا حصہ رہا۔سیٹرک - 24 کے پہلے روز کا آغازریگولیٹرز گول میز پر مشتمل ایک افتتاحی اجلاس سے ہوا۔ دوران اجلاس چیئرمین، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)، میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمان نے خطاب کیا اس کے علاوہ انہوں نے پائیدار ڈیجیٹل مستقبل کے لیے ریگولیٹری مداخلت اور اختراعات کے سیشن میں بحیثیت پینلسٹ بھی شرکت کی۔ اس سیشن میں پائیدار ڈیجیٹل مستقبل کے لیے ڈیجیٹل اور لچکدار انفراسٹرکچر کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوسرے روز پالیسی، ریگولیشن، اور سروسز (پی آر ایس) ورکنگ گروپ کے سربراہ، ڈی جی ایس اینڈ ڈی، پی ٹی اے نے فیز VIII کے چار اہم موضوعات،پالیسی اور ریگولیٹری ماحول کی فعالیت, سیٹرک کا فائیو جی کے ذریعے نئے نظام کی ترویج،ٹیلی کام فعال انفراسٹرکچر شیئرنگ، او ٹی ٹی سروسز اور ایپلی کیشنز سے متعلق ریگولیٹری مسائل، این جی ایس او سیٹلائٹ کانسٹیلیشن ترجیحات، چیلنجز، اور جنوبی ایشیا میں اثرات پر مبنی رپورٹس کا تفصیلی جائزہ پیش کیا. یہ رپورٹس بعد میں کونسل کی جانب سے منظور کر لی گئیں۔
تین روزہ اجلاس میں جنوبی ایشیا کے نو ممالک بشمول بنگلہ دیش، بھارت، پاکستان، سری لنکا، نیپال، بھوٹان، افغانستان، مالدیپ اور ایران کے نمائندوں نے شرکت کی۔
 
ملاحت عبید 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ