29 مئی 2023ء

پی ٹی اے نے پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور آزاد جموں و کشمیر میں کیو او ایس سروے کرایا

اسلام آباد (29 مئی، 2023): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور آزاد جموں و کشمیرکے اٹھارہ (18) شہروں میں سروس کے معیار کو جانچنے کے لئے ایک آزاد کیو او ایس (کوالٹی آف سروس) سروے کیا۔ یہ سروے موبائل فون آپریٹروں (سی ایم اوز) کی کارکردگی اور خدمات کے معیار کو جانچنے کے لئے کیا گیا جو صارفین کو فراہم کی جا رہی ہیں۔
سروے کے دوران، موبائل نیٹ ورک کوریج سمیت وائس، ایس ایم ایس اور موبائل براڈ بینڈ کا تجزیہ نیکسٹ جنریشن موبائل سروس لائسنس (این جی ایم ایس) اور سیلولر موبائل نیٹ ورک کوالٹی آف سروس (کیو او ایس)ریگولیشن 2021 میں درج کے پی آئیزکو جدید ترین خودکار کوالٹی آف سروس مانیٹرنگ اور بینچ مارکنگ ٹول کے استعمال کے ذریعے کیا گیا۔ ڈرائیو ٹیسٹ ٹیموں نے سروے کے راستوں کا انتخاب اس طرح کیا تاکہ سروے شدہ علاقوں میں مین روڈز، سروس روڈز اور زیادہ تر سیکٹرز/کالونیوں کو شامل کیا جا سکے۔ متعلقہ لائسنسوں اور کیو او ایس ضوابط میں متعین حد کے مطابق ہر کے پی آئی کی تعمیل کی بنیاد پر پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں موبائل فون آپریٹروں کو موبائل نیٹ ورک کوریج اور وائس سروسز میں 1 سے 4 تک پوزیشن دی گئی۔ جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں 1 سے 5کے درمیان درجہ بندی کی گئی ہے۔ اسی طرح، موبائل براڈ بینڈ سپیڈ سیگمنٹ میں درجہ بندی سب سے زیادہ ڈیٹا ڈاؤن لوڈ اور اپ لو ڈ اسپیڈ، نیٹ ورک لیٹنسی اور ویب پیج لوڈنگ کے ٹائم کے مطابق کی گئی ہے۔ 
سروے کے نتائج سے یہ بات سامنے آئی کہ سی ایم اوز اپ لوڈ اور ڈاؤن لوڈ کی رفتار کے حوالے سے کافی حد تک تعمیل کرتے ہیں، جبکہ ویب پیج لوڈ ہونے کا وقت حد سے نیچے پایا گیا۔ پہلے کے سروے کے مقابلے میں، موبائل فون آپریٹروں نے نیٹ ورک لیٹنسی کو بہتر کیا ہے تاہم، چند شہروں میں نتائج معیار سے نیچے رہے۔ اسی طرح، کچھ علاقوں میں وائس کے پی آئی بھی لائسنس یافتہ حد سے نیچے پائے گئے ہیں۔ بالآخر، آپریٹرز کو اصلاحی اقدامات کرنے کے لیے ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ سروس کے معیار میں لائسنس یافتہ معیارات تک بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔ سروے کے نتائج سبسکرائبرز کی معلومات کے لیے پی ٹی اے کی ویب سائٹ (https://pta.gov.pk/en/consumer-support/qos-survey/qos-survey) پرموجود ہیں۔
 پی ٹی اے کی جانب سے موبائل آپریٹر وں کو بہتر خدمات فراہم کرنے اور ان کے مابین صحت مند مسابقت کو فروغ دینے کے مقاصد کے تحت سروس کے معیار کی نگرانی کی سرگرمیوں کے لیے فیلڈ ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔
 
ملاحت عبید 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ