08 مارچ 2016ء

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی پریس ریلیز موبائل منی کے موضوع پر ورکشاپ کا انعقاد

 

پریس ریلیز

 


اسلام آباد:8مارچ 2016 (پ۔ر) : پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے)اور جی ایس ایم اے کے زیر اہتمام موبائل منی(برانچ لیس بینکنگ) سے متعلق ایک ورکشاپ پی ٹی اے ہیڈ کوارٹرمیں منعقدہوئی۔ ورکشاپ میں چیئرمین پی ٹی اے، ڈاکٹرسید اسماعیل شاہ، ممبر(فنانس) طارق سلطان، ممبر(کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ) عبدالصمد،مختلف کمرشل بینکوں کے اعلیٰ افسران، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے نمائندے، سیلولر موبائل آپریٹرز اور ٹیلی کام کے شعبے سے وابستہ افرادنے شرکت کی۔ ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد برانچ لیس بینکنگ کے شعبے میں عالمی اورمقامی سطح پر صورتحال کا جائزہ لینا تھا۔ 
اس مو قع پر چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹرسید اسماعیل شاہ نے کہا کہ موبائل فون نے بہت ترقی کی ہے۔ جس سے سروس پرووائیڈرز اور صارفین کیلئے زندگی کے روزمرہ کے کام جیسے فنانشل ٹرانزیکشنز سمیت اور بہت سے مواقع فراہم ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اب براڈبینڈ کے دور میں داخل ہو چکا ہے۔ فروری 2016کے اختتام تک براڈ بینڈ صارفین کی تعداد 29.8 ملین ہو چکی ہے جبکہ براڈ بینڈ ٹیلی ڈینسٹی 15فیصد ہے جوکہ براڈ بینڈ کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ پاکستان تیزی سے موبائل منی کی جانب گامزن ہے جس سے نہ صرف شہری طبقے بلکہ دیہی آبادی کے لوگ بھی استفادہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موبائل بینکنگ ویلیو ایڈیشن ہے جس سے صارفین کیلئے بڑی آسانیاں پیدا ہوئی ہیں خصوصا موبائل کمیونیکیشن سے نہ صرف بینکنگ کی سہولت میسر ہوئی ہے بلکہ اس شعبہ میں ترقی سے مزید جدید مصنوعات متعارف ہوئی ہیں ۔ 
چیئرمین نے مزید کہا کہ برانچ لیس بینکنگ ایک جدید سہولت ہے جس سے پاکستان کی جی ڈی پی کی شرح میں اضافہ ہو گا اور یہ ملک اور صارفین دونوں کیلئے یکساں مفید ہے۔ اب آپ کا اکاؤنٹ آپ کی جیب میں ہے جہاں کم لاگت پر تیزی سے رقم کی منتقلی ممکن ہوگی۔ 
اس سے پہلے ڈائریکٹر جنرل پی ٹی اے ڈاکٹر محمد سلیم نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ پی ٹی اے اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان موبائل بینکنگ ریگولیشن پر بھی کام کر رہے ہیں جس کا بنیادی مقصد موبائل بینکنگ سروسز کی فراہمی کے حوالے سے ایک بنیادی فریم ورک تشکیل دینا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مستقبل میں بھی پی ٹی اے کی جانب سے آئی سی ٹی کے شعبے میں ترقی کے لئے اس طرح کی ورکشاپ کے انعقاد کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
ورکشاپ میں لارا گڈوانی(ریگولیٹری سپیشلسٹ ایشیا) نے جی ایس ایم موبائل منی پروگرام سے متعلق شرکا کو تفصیلی آگاہ کیا۔جبکہ صوفیہ حسن(سینئر مارکیٹ انگیجمنٹ مینیجر، ایشیا)غضنفر اعظم سی ای او، وسیلہ بینک، ابرار اے میر، چیف انوویشن اینڈ فنانشل انکلوژن آفیسرایچ بی، کبیر نقوی سی ای او، یومائیکرو فنانس بینکنگ اور عمر معین ملک ہیڈ سٹریٹجی اینڈ پیمنٹ، ایزی پیسہ، ٹیلی نار نے بھی پاکستان میں موبائل منی انڈسٹری، برانچ لیس بینکنگ اور ڈیجیٹل کامرس کے شعبے میں مواقعوں اور برانچ لیس بینکنگ سے متعلق منصوبہ سازی اور قواعد و ضوابط کی صورت حال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ورکشاپ میں مختلف ممالک بشمول پاکستان ، تنزانیہ، کینیا، فلپائن اور بھارت میں موبائل منی، ڈیجیٹل کامرس سے متعلق اقدامات اور ریگولیشن کے اصولوں سے متعلقہ کیس اسٹڈیز کا جائزہ لیا گیا اور پاکستان میں ڈیجیٹائز پے منٹ کو درپیش مسائل اور موجود مواقعوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ ورکشاپ کے اختتام پر چیئرمین پی ٹی اے نے مقررین کواعزازی شیلڈز پیش کی۔
 

خرم مہران
ڈائریکٹر تعلقاتِ عامہ