27 مارچ 2020ء

کورونا وائرس کے پیش نظر ٹیلی کام آپریٹروں کے اقدامات

(اسلام آباد۔27مارچ2020)کورونا وائرس کی موجودہ وبائی صورتحال کے پیش نظر ٹیلی کام آپریٹروں کی جانب سے ملک بھر میں اپنے صارفین کو سہولیات کی فراہمی اور بلا تعطل خدمات فراہم کرنے کے لئے مسلسل اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) کی ہدایت پر، قومی اور علاقائی زبانوں میں تمام موبائل صارفین کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیرسے آگہی کے لئے باقاعدگی سے ایس ایم ایس بھیجے جا رہے ہیں۔موبائل فون آپریٹروں(سی ایم اوز) نے رنگ بیک ٹون ”یعنی کال کرنے کے دوران کال کرنے والے کو سنائی دینے والی رنگ ٹون“کو کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے پیغامات کے ساتھ تبدیل کر دیا ہے۔ تمام موبائل فون آپریٹروں نے لوگوں کو گھر پر رہنے اور کام کرنے میں آسانی فراہم کرنے کے لئے نئے پیکجز /آفرز(اضافی ڈیٹا اور آن نیٹ وائس منٹس)متعارف کر ا دئیے ہیں (تفصیلات آپریٹرز اور پی ٹی اے ویب سائٹ پر دستیاب ہیں)۔ دیگر اقدامات میں جاز کا بیلنس کے معیاد کی مدت کو ختم کرنا اور زونگ کا بیلنس کے معیاد کی مدت میں توسیع، ٹیلی نارکا مفت واٹس ایپ کی پیش کش اور بیلنس شیئر پروموشن شامل ہیں۔ زونگ نے ڈبلیو ایچ او اور این ڈی ایم اے کے کورونا وائرس 
سے متعلقہ ویب صفحات کی رسائی مفت کر دی۔ 
جاز نے ایک ویب پیج / پورٹل (https://jazz.com.pk/darna-nahin-bachna-hai) بھی تشکیل دیا ہے جس میں عام لوگوں میں کورونا وائرس کے بارے میں آگاہی پھیلائی جارہی ہے۔مزید یہ کہ موبائل فون آپریٹر ایمرجنسی نمبر (1166) پر مفت کالوں کی پیش کش کررہے ہیں۔جیسا کہ جاز نے 'مفت معاونت '' سروس کا آغاز کیا ہے جس میں منتخب سرکاری دفاتر / ڈاکٹروں / لیبارٹریوں کو مفت کال کی جاسکتی ہے۔ زونگ نے مقامی سرکاری اسپتالوں اور ڈاکٹروں تک رسائی کے حوالے سے 4343 پر بھی مفت کالوں کی پیش کش متعارف کرا دی ہے یوفون نے ملک بھر میں اپنے صارفین کے لئے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (پی آر سی ایس) کی ہیلپ لائن 1030 پر مفت کالز کر دی ہیں۔
موبائل فون آپریٹر اور پی ٹی سی ایل سندھ کے مختلف علاقوں میں وائرس سے متاثرہ خاندانوں کو راشن، ادویات اور حفاظتی لباس پر مشتمل امدادی پیکیج فراہم کرکے سی ایس آر کی سرگرمیوں میں بھی حصہ لے رہے ہیں۔ پی ٹی سی ایل کی جانب سے اپنے صارفین کو 30 اپریل 2020 ء تک ڈبل پلے وائس اور ٹی وی صارفین کوانٹر نیٹ کی مفت دستیابی کی پیش کش کردی گئی ہے نیز وائر لائن صارفین کے لئے بلنگ کی تاریخوں میں بھی ڈیڈ لائن کی مدت میں توسیع کردی گئی ہے۔
 
خرم علی مہران
ڈائریکٹر تعلقات عامہ