19 جنوری 2022ء

سٹار لنک پاکستانی صارفین سے پیشگی رقم وصول نہ کرے : پی ٹی اے

اسلام آباد (19 جنوری، 2022) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) عوام کو آگاہ کرتا ہے کہ سیٹلائٹ براڈ بینڈ مہیا کرنے والے ادارے سٹار لنک نے پاکستان میں خدمات مہیا کرنے کے لئے پی ٹی اے سے نہ تو کوئی لائسنس حاصل کیا ہے اور نہ ہی اس کے لئے کوئی درخواست جمع کروائی ہے ۔لہذا، عوام کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ سٹار لنک کی اپنی یا اس سے متعلق کسی بھی ویب سائٹس کے ذریعے پری بکنگ آرڈر دینے سے باز رہیں۔ 
یہ ہدایات ایسی رپورٹس کے سامنے آنے پر جاری کی گئیں جن کے مطابق سٹار لنک اپنی ویب سائٹ کے ذریعے سروس کے خواہشمند سبسکرائبر زکو آلات اور خدمات کے لیے 99 ڈالر (قابل واپسی) کی رقم پیشگی جمع کرانے کے لئے کہہ رہا ہے۔ 
پی ٹی اے نے یہ معاملہ پہلے ہی سٹار لنک کے ساتھ اٹھا یا ہے کہ وہ خواہشمند صارفین سے پری آرڈر بکنگ (پیشگی بکنگ ) کو فوری طور پر بند کر دے کیونکہ ابھی تک کمپنی کو پاکستان میں انٹرنیٹ خدمات مہیا کرنے کا کوئی لائسنس جاری نہیں کیا گیا ہے۔ 
 
 
خرم علی مہران 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ