16  اگست 2017ء

اسلام آباد میں’’ساؤتھ ایشین ٹیلی کمیو نیکیشن ریگولیٹرز کونسل‘‘ (سیٹرک) ورکشاپ کا انعقاد

پریس ریلیز

اسلام آباد: 16اگست 2017(پ ر)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)نے ایشیا پیسفک ٹیلی کمیونٹی(اے پی ٹی) کے تعاون سے اسلام آباد میں سہ روزہ ’’ساؤتھ ایشین ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹر ز کونسل‘‘ (سیٹرک ) ورکشاپ کا انعقادکیا یہ ورکشاپ 16 تا 18اگست 2017تک جاری رہے گی۔اس سلسلے کی افتتاحی تقریب اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں اے پی ٹی کی سیکرٹری جنرل اریوان ہورنگسی، چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر اسماعیل، ممبر ٹیلی کام ، ایم او آئی ٹی مدثر حسین، پی ٹی اے اور فریکوینسی ایلوکیشن بورڈکے سینئر افسران، ٹیلی کام آپریٹرز، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام کے علاوہ اے پی ٹی کے 9ممبر ممالک انڈونیشیاء، افغانستان، بنگلہ دیش، بھوٹان، ایران، نیپال، مالدیپ اور سری لنکا کے نمائندے اس بین الاقوامی تقریب میں شرکت کر رہے ہیں۔اس ورکشاپ میں موبائل براڈبینڈکیلئے سپیکٹرم روڈ میپ کی تیاری، سپیکٹرم مینجمنٹ کے قیام کے لئے انٹر نیٹ آف تھنگز، وائرلیس بیک ہال، سپیکٹرم ٹیکنالوجی اور پالیسی و وائی فائی نیٹ ورک کے پھیلاؤ جیسے اہم موضوعات زیربحث آئیں گے۔

اس سلسلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل اے پی ٹی اریوان ہورنگسی نے کہا کہ ورکشاپ مختلف آپریٹروں، مختلف خدمات اور مختلف ٹیکنالوجی کے ماحول میں ممبر ممالک کو سپیکٹرم سے متعلقہ ریگولیٹری مسائل کو سمجھنے اور علاقائی سطح پر اس کے بہترین ممکنہ حل کےجا ئیزے میں ممدومعاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ورکشاپ سیٹرک ایکشن پلان کی تکمیل میں ایک اہم قدم ثابت ہوگی جس سے علاقا ئی سطح پر اقدامات کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے ورکشاپ کے اعلیٰ انتظامات پر میزبان ادارے پی ٹی اے اور پاکستان کی خدمات کو سراہا۔

اس سے قبل چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر اسماعیل شاہ نے اپنے افتتاحی خطاب میں خطے کے متنوع پس منظر میں ایشیا پیسیفک ٹیلی کمیونٹی (اے پی ٹی) کی براڈ بینڈ اور آئی سی ٹی کے شعبے میں بے مثال ترقی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ورکشاپ پالیسی اور ریگولیٹری سے متعلقہ مسائل کا جائیزہ لینے کے لئے ایک بہترین فورم ہے۔انہوں نے ’’ساؤتھ ایشین ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹرز کونسل ‘‘ کو خطے میں تیزی سے ترقی پذیر وائرلیس براڈ بینڈ کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ورکشاپ ممبر ممالک کو ایک دوسرے کے تجربات اور مشاہدات سے مستفید ہونے کے مواقع فراہم کرے گی۔

اس موقع پر ممبر ٹیلی کام مدثر حسین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ورکشاپ ایک اہم ورکشاپ ہے اور ایسے اقدامات آئی سی ٹی کے شعبے میں موجودہ مسائل اور چیلنجوں پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تجربات فراہم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

بعد ازاں سیکرٹری جنرل اے پی ٹی نے پی ٹی اے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر چےئرمین پی ٹی اے نے اے پی ٹی کی سیکرٹری جنرل کو پی ٹی اے کی کارکردگی ، ریگولیٹری اقدامات اور مجموعی طور پر ٹیلی کام سیکٹر کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ سیکرٹری جنرل اے پی ٹی نے پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر کی کارکردگی پر نہ صرف اظہار اطمینان کیا بلکہ کامیابیوں کو بھی سراہا ۔ پی ٹی اے کے دورے کے دوران سیکرٹری جنرل نے پی ٹی اے کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔


خرم مہران
ڈائریکٹر تعلقات عامہ