21  ستمبر 2022ء

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پی ٹی اے کی بحالی کی سرگرمیاں

اسلام آباد: (21 ستمبر 2022): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ٹیلی کام سروسز کی جلد از جلد بحالی کو یقینی بنانے کے لیے اگست 2022 کے وسط سے تمام موبائل فون آپریٹروں کے ساتھ مل کر بھرپور اور مسلسل اقدامات کر رہی ہیں۔ اس حوالے سے 28 اگست 2022 کو 3386 سائٹس متاثر ہوئیں جن میں سے 3251 سائٹس یعنی 96 فیصد سائٹس بحال کر دی گئی۔ 
پی ٹی اے کی فیلڈ ٹیمیں اس ضمن میں ٹیلی کام آپریٹروں، سول اور آرمی اتھارٹیز کے ساتھ متاثرہ ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے مسلسل رابطے میں رہی ہیں۔
اس حوالے سے مختلف رکاوٹوں جن میں تباہ شدہ سائٹس تک رسائی، بجلی کی دستیابی، ڈوبنے کی وجہ سے آلات کو پہنچنے والے نقصان اور جنریٹر سیٹوں کے لیے ایندھن کی دستیابی/فراہمی وغیرہ شامل ہیں کا سامنا درپیش رہا ۔ بہر کیف سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں رابطوں کی بحالی کے لیے پی ٹی اے اور ٹیلی کام آپریٹروں کی مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں غیر فعال سائٹس کی تعداد 135 یعنی ملک بھر میں کل سائٹس کا 0.26فیصد تک کم رہ گئیں۔ 
 اس وقت بلوچستان اور سندھ کے چند علاقوں میں صرف وہ غیر فعال سائٹس رہ گئی ہیں جو ناقابل رسائی ہیں۔ تاہم، آس پاس کے دیگر آپریشنل سائٹس کی وجہ سے اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ علاقے میں مواصلاتی بلیک آؤٹ نہ ہو پائے۔ علاوہ ازیں ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ مختلف علاقوں میں آپٹیکل فائبر بیک ہال کنیکٹیویٹی میں 120 سے زائد مقامات پر کٹ لگے ہیں۔ جبکہ اس وقت 100 فیصد بیک ہال فائبر آپٹک کنیکٹیوٹی بحال ہو چکی ہے۔
ٹیلی کام خدمات کی بحالی کے لیے متاثرہ ٹاور/بی ٹی ایس کے دورے کے لیے پی ٹی اے کی 4 اور موبائل فون آپریٹروں کی مختلف ٹیمیں مقرر ہیں۔پی ٹی اے اور ٹیلی کام آپریٹروں کی مسلسل اور فعال مشترکہ کوششوں کی بدولت ٹیلی کام انفراسٹرکچر کو سیلاب سے پہلے کی سطح پر واپس لانے میں معاونت ہوئی ہے۔
ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی بحالی کے ساتھ ساتھ، پی ٹی اے عوام الناس کی آگاہی و متاثرین میں فنڈز کی تقسیم کے لیے بھی مسلسل معاونت کر رہا ہے۔ اس ضمن میں 26 اگست 2022 سے وزیر اعظم کے فلڈ ریلیف فنڈ 2022 کے لیے مختصر کوڈ 9999 مختص کر دیا گیا۔ وزیر اعظم کے فلڈ ریلیف فنڈ 2022 کے لیے اب تک 716.12 ملین ایس ایم ایس بھیجے جا چکے ہیں۔ مزید برآں مون سون کے دوران احتیاطی/انتباہی اقدامات کے حوالے سے 5 جولائی 2022 سے کل 138.65 ملین صارفین کے موبائل فون پر رنگ بیک ٹون (آر بی ٹی) چلائی گئی۔ علاوہ ازیں، پی ایم فلڈ ریلیف فنڈ کے لیے آر بی ٹی کو تمام موبائل فون آپریٹروں کے نیٹ ورکس پر بھی فعال کر دیا گیا۔
پی ٹی اے کی جانب سے نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے ساتھ مل کر سفری ہدایات کے طور پر84.5ملین ایس ایم ایس بھیجے گئے۔ اس کے علاوہ سیلاب متاثرین میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے 155 ملین ایس ایم ایس بھیجے گئے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں 911 پر رابطہ کیا جا سکے۔ علاوہ ازیں سیلاب متاثرین میں امداد کی باآسانی تقسیم کے لیے بلوچستان کے مختلف مقامات پر بی آئی ایس پی کو معاونت کی گئی ہے۔
 
خرم علی مہران 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ