09 فروری 2021ء

پی ٹی اے کا بلاک کئے گئے پاکستانی صارفین کے اکاؤنٹس کے لئے ٹوئٹر سے رابطہ

(اسلام آباد9 فروری2021) پی ٹی اے نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کے بارے میں ٹوئٹس کرنے پر پاکستانی صارفین کے ٹوئٹر اکاؤنٹس بلاک کرنے کے معاملے کو ٹوئٹر انتظامیہ کے ساتھ اٹھایا ہے۔ پی ٹی اے کو صارفین کی جانب سے انکے اکاؤنٹس بلاک اور معطل ہونے کی 369 شکایات موصول ہوئیں۔جائزے کے بعد پی ٹی اے نے ایسے 280 اکاؤنٹس/ہینڈل ٹوئٹر کو رپورٹ کئے جو مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حمایت میں پوسٹ کرنے پر معطل کئے گئے۔ 
 
 پی ٹی اے نے ٹو ئٹر انتظامیہ کے ساتھ اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے کہ بھارتی اثرو رسوخ کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارم نہ صرف پاکستانی صارفین کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کر رہا ہے بلکہ اپنی ہی کمیونٹی گائیڈ لائنز کی بھی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ 
 
ٹوئٹر انتظامیہ کو پاکستانی صارفین کے حوالے سے اپنے متعصبانہ رویہ پر غور کرنے کا کہا گیا ہے بالخصوص ان اکاؤنٹس کے بارے میں جو مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقوق کی حمایت کر رہے ہیں۔ 
 
 
خرم مہران 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ