04  ستمبر 2019ء

پی ٹی اے کا مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بلاک کئے گئے پاکستانی صارفین کو بحال کرنے کے لئے ٹوئٹر سے رابطہ

اسلام آباد4 ستمبر2019(پ۔ر)مقبوضہ کشمیر کے متعلق کئے گئے ٹوئیٹس پر پاکستانی صارفین کے ٹوئٹر اکاؤنٹس بلاک کرنے کے حوالے سے پی ٹی اے نے ٹوئٹر کو ایسے 333اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کی ہیں جن کو مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق ٹوئٹس کرنے پر بلاک کیا گیا ۔ پی ٹی اے نے نہ صرف ٹوئٹر انتظامیہ سے پاکستانی صارفین کے حوالے سے اس کے متعصبانہ رویے پر اپنے خدشات کا سخت الفاظ میں اظہار کیا ہے۔ بلکہ اس نے پاکستانی ٹوئٹر صارفین سے درخواست کی ہے کہ وہ ایسے کسی بھی اکاؤنٹ کی تفصیلات content-complaint@pta.gov.pkپر فراہم کریں جسے کشمیر کے حق میں مواد شےئر کرنے پر ٹوئٹر کی طرف سے بلاک کر دیا گیا۔ پی ٹی اے کو اس اقدام کے جواب میں 333 شکایات موصول ہو ئیں جو اکاؤنٹس کی بحالی کے لئے ٹوئٹر کو بھجوا دی گئیں۔تاہم ان میں سے صرف 67اکاؤنٹس (20فیصد ) کو اب تک ٹوئٹر کی طرف سے بحال کیا گیا ہے۔ ٹوئٹر نے ابھی تک ان اکاؤنٹس کو معطل کرنے کے حوالے سے کوئی وضاحت فراہم نہیں کی ہے۔ جبکہ پی ٹی اے پہلے ہی پاکستانی صارفین کے لئے آزادی اظہار رائے کو یقینی بنانے کے حوالے سے ٹوئٹر سے رابطے میں ہے۔ اس حوالے سے ٹوئٹر انتظامیہ کو ایک میٹنگ کے لئے دعوت دی گئی تاکہ کوئی مشترکہ لائحہ عمل تیار کیا جا سکے۔ مزید بر آں پریونشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ 2016 کے مطابق صرف پی ٹی اے ہی کو انٹرنیٹ پر غیر قانونی مواد بلاک کرنے اور جہاں ایسا ممکن نہیں ان متعلقہ اداروں کے ساتھ بلاکنگ کے حوالے سے رابطہ کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ پی ٹی اے ٹوئٹر انتظامیہ کے ساتھ پاکستانی صارفین کی بلاکنگ کے معاملے کو اٹھاتا رہے گا اور اسے انہیں اس حوالے سے اپنے متعصبانہ رویے کو تبدیل کرنے کے لئے کہتا رہے گا۔ 
 
 
خرم مہران 
ڈاےئریکٹر تعلقات عامہ