13 اپریل 2020ء

کروناوائرس کے تناظر میں پی ٹی اے کی کاوشیں جاری

(اسلام آباد: 13 اپریل، 2020): کورونا وائرس کے پیش نظر عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ ان اقدامات میں کورونا وائرس سے تحفظ کے لئے صارفین کو آگاہی ایس ایم ایس بھیجنا بھی شامل ہے۔ ملک بھر میں موبائل فون استعمال کنندگان کو 19 مارچ 2020 سے اب تک اردو، انگریزی اور علاقائی زبانوں میں 81 کروڑ 19 لاکھ 70ہزار(811.97ملین)پیغامات بھیجے جا چکے ہیں۔اردو اور انگریزی میں آگاہی کے ایس ایم ایس بیرون ملک سے آنے والے مسافروں اور دوران سفر کورونا وائرس کے مریضوں سے رابطے میں آنے والے افراد کو بھی بھیجے گئے۔ 19 مارچ 2020 سے اب تک ایسے 5لاکھ 30 ہزار(0.53 ملین)سے زائدپیغامات بھیجے جاچکے ہیں۔ اسی طرح13کروڑ 17لاکھ 50ہزار(131.75 ملین)صارفین کے موبائل فونز پر کورونا آگاہی رنگ بیک ٹون (آر بی ٹی) کا آغاز کیا گیا ہے۔ تعلیمی اداروں، کال سنٹرز وغیرہ کی سہولت کے پیش نظر19 مارچ 2020 سے 72 آئی پیزوائٹ لسٹ کر دی گئیں۔ اس دوران پی ٹی اے کی جانب سے کرونا وائرس پر قابو پانے کے لئے کام کرنے والے سرکاری اداروں کو 12 مختلف شارٹ کوڈ زاور 6 یو این (ٹول فری) نمبر بھی دئیے گئے ہیں۔پی ٹی اے نے موبائل صارفین سے ”وزیر اعظم ریلیف فنڈ 2020 برائے عالمی وباء کووڈ- 19“ میں عطیات جمع کر نے کے حوالے سے بھی اقدامات کئے ہیں۔ موبائل صارفین 6677پر ایس ایم ایس بھیج کر 20روپے عطیہ کر سکتے ہیں۔ دریں اثناء پی ٹی اے
 پاکستان میں کورونا وائرس کے دوران تمام ٹیلی کام آپریٹروں کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے۔ ٹیلی کام آپریٹروں کی جانب سے اپنے صارفین کے لئے بہت سی پیش کش / اقدامات کئے گئے ہیں۔ صارفین کو رابطوں کے حوالے سے کچھ آپریٹر کم قیمت یا مفت اپ گریڈ کی پیش کش کررہے ہیں۔ پی ٹی اے کی ویب سائٹ: www.pta.gov.pk پر ان پیش کش / پیکجز کی تفصیلات باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کی جا رہی ہیں۔
 
خرم مہران
ڈاےئریکٹر تعلقات عامہ