19 نومبر 2021ء

پی ٹی اے نے ٹک ٹاک سروسز بحال کر دیں

اسلام آباد (19نومبر ، 2021)، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر اخلاقی/غیر مہذب مواد کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے پلیٹ فارم کی یقین دہانی پر ٹک ٹاک سروسز بحال کر دی ہیں۔ 

20 جولائی 2021 کوعائد پابندی کے بعد، پی ٹی اے ٹک ٹک ٹاک کی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہا۔ جس کے نتیجے میں، پلیٹ فارم کی سینئر انتظامیہ نے پی ٹی اے کو مقامی قوانین اور سماجی اصولوں کے مطابق غیر قانونی مواد کو کنٹرول کرنے کے لیے ضروری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔

 کمپنی نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ جو صارفین مسلسل غیر قانونی مواد اپ لوڈ کرنے میں ملوث ہیں ان کو پلیٹ فارم استعمال کرنے سے روک دیا جائے گا۔ یقین دہانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے، اتھارٹی نے فوری طور پر ٹک ٹاک سے پابندی ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ٹی اے اس پلیٹ فارم کی نگرانی جاری رکھے گا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ پاکستان کے قانون اور سماجی اقدار کے خلاف غیر قانونی مواد نہ پھیلایا جا سکے۔