13 جنوری 2021ء

پی ٹی اے نے پی ٹی سی ایل لائسنس کی تجدید کر دی

اسلام آباد (13 جنوری، 2021) پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پی ٹی سی ایل کے انٹیگریٹڈ لائسنس کی اگلے 25 سال کے لئے تجدید کر دی جس کا اطلاق یکم جنوری 2021 سے ہوگا۔ یہ لائسنس ٹیکنالوجی نیوٹرل ہے اور اس کے تحت پی ٹی سی ایل ملک بھر کے 14 ٹیلی کام ریجنز میں موبائل سروس کو چھوڑ کر، جدید ترین ٹیلی کام خدمات فراہم کر سکے گا۔ 
خدمات کے بہتر معیار (کیو او ایس ) پیرامیٹرز کے لیے ،، تجدید کردہ لائسنس میں جو شرائط شامل کی گئی ہیں ان میں نیکسٹ جنریشن ایکسیس نیٹ ورک (این جی اے این ) کنکشن میں 5فیصد سالانہ اضافہ اور بین الاقوامی معیار کے مطابق کیو او ایس سروس پیرامیٹرز شامل ہیں۔
صارفین کے تحفظ سے متعلق شرائط، ہیلپ لائن خدمات، تجارتی معاہدے کی ذمہ داریوں اور دیگر کو بھی لائسنس میں شامل کیا گیا ہے۔
لائسنس کی فیس لائسنس دہندہ کی سالانہ مجموعی آمدنی کے 0.66 فیصد پر مشتمل ہو گی جس کی ادائیگی یکمشت ہو گی جبکہ 0.5 فیصد سالانہ لائسنس فیس کے طور پر اور 2 فیصد یو ایس ایف اور آر اینڈ ڈی فنڈ کے لئے ادا کیا جائے گا۔
پہلے سے مختص ڈبلیو ایل ایل اسپیکٹرم کے لئے ادائیگی کو امریکی ڈالر کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے جسے پی ٹی سی ایل ہر سال ادا کرے گا۔ موجودہ مختص کردہ ریڈیو فریکوئنسی اسپیکٹرم کو پی ٹی سی ایل 2024تک استعمال کر سکے گا۔ 
لائسنس دہندہ صارف کے ڈیٹا کی رازداری اور نیٹ ورک کی حفاظت کو یقینی بنائے گا۔ لائسنس کی شرائط کے مطابق، پی ٹی اے وقتا فوقتا خدمت کے معیار کی نگرانی کرے گا۔ 
 
 
 
خرم علی مہران 
ڈائیریکٹر تعلقات عامہ