17 مئی 2017ء

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی پریس ریلیز پی ٹی اے کو سپیکٹرم کیلئے بولی وصول


پریس ریلیز 

اسلام آباد(17مئی 2017) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)کو پاکستان میں نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز(این جی ایم ایس) کے لئے طے شدہ ڈیڈ لائن 17مئی 2017(4بجے شام) کے مطابق1800 میگا ہرٹز میں10میگا ہرٹزکی پےئرڈ سلاٹ کے لئے ایک بولی موصول ہو گئی۔ یہ بڈ جاز کی جانب سے آج موصول ہوئی۔پی ٹی اے نے سپیکٹرم کی نیلامی کے لئے بولیوں کی وصولی کا اعلان قومی اور بین الاقوامی میڈیا کے ذریعے کیا۔ 
پی ٹی اے نے یہ مرحلہ وزارت آئی ٹی کی پالیسی ہدایات ،انفارمیشن میمورینڈم (آئی ایم) اور پی پی آر اے کے تحت وضع کردہ طریقہ کاراور قواعدوضوابط کے تحت شفاف طریقے سے مکمل کیا۔ نیلامی کے عمل کے حوالے سے ایک معلوماتی سیشن 23مئی 2016کو پی ٹی اے میں منعقد کیا گیاتھا۔
اب پی ٹی اے جمع شدہ بولی کا جائزہ لے گا اور اگر اسے تمام شرائط و قواعد کے مطابق پایا گیا تو بولی کو کامیاب قرار دیا جائے گا۔ کامیاب بولی دہندہ کے پاس رقم جمع کرانے کے لئے دو آپشن ہوں گے۔ وہ کل رقم 295ملین ڈالر یکمشت جمع کراسکے گا۔ یا پھر کل رقم کا 50فیصد یکمشت جبکہ بقیہ 50فیصد 5سالانہ اقساط میں ایک سال لائبر پلس 3فیصد کے ساتھ جمع کرائے گا۔اس کے علاوہ کامیاب بولی دہندہ ایف بی آر کو 10فیصد ٹیکس یعنی 29.5ملین ڈالر بھی جمع کرائے گا۔
واضح رہے کہ یہ 2014سے اب تک تیسری سپیکٹرم نیلامی ہے ان تینوں نیلامیوں کے ذریعے اب تک قومی خزانے کو 1.98ارب(تقریبا 2ارب)ڈالر کی آمدنی حاصل ہو ئی ہے۔ 
 

(خرم مہران)
ڈائریکٹر(تعلقات عامہ)