16 فروری 2022ء

پی ٹی اے کی جانب سے ایس آر ڈی اور آئی او ٹی سروسز کے لئے ریگولیٹری فریم ورک کا اجراء

اسلام آباد (16 فروری 2022): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)نے شارٹ رینج ڈیوائسز (ایس آر ڈی) اور ٹیریسٹریل انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی) سروسز کے لیے ریگولیٹری فریم ورک جاری کر دیا ہے۔ یہ فریم ورک ایک ریگولیٹری ٹول کے طور پر آئی اوٹی خدمات کے آپریشن کے لئے بنایا اور متعارف کرایا گیا ہے ۔ پی ٹی اے اس حوالے سے 31 مارچ 2022 سے کلاس لوپاور وائیڈ ایریا نیٹ ورک (ایل پی ڈبلیو اے این) لائسنسنگ کی درخواستوں کی وصولی کا آغاز کر دے گا۔
اس فریم ورک کے ذریعے پاکستان میں آئی او ٹی ایکو سسٹم کی ترقی کے لئے اس صنعت کو ایک ریگولیٹری میکانزم کی فراہمی عمل میں لائی گئی ہے ۔ اس فریم ورک کا مقصدآئی او ٹی خدمات کی ترقی کو تیز کرنا ہے تاکہ مختلف شعبوں میں آئی او ٹی کی فعالیت کے ذریعے ڈیجیٹل تبدیلی کی ترویج کی جا سکے ، آپریشن کو خودکار بنایا جا سکے اور شہریوں کو الیکٹرانک خدمات فراہم کی جاسکیں۔
آئی او ٹی چوتھے صنعتی انقلاب (انڈسٹری 4.0) کی اہم ٹیکنالوجیز میں سے ایک ہے۔ اس کا استعمال سمارٹ سٹی سسٹمز اور ڈیجیٹل سروسز جیسا کہ سمارٹ ہومز، سمارٹ میٹرز، ٹرانسپورٹیشن وغیرہ کو چلانے کے لیے کیا جاتا ہے، اس طرح یہ حکومت کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کی بھی حمایت کرتا ہے۔ ریگولیٹری فریم ورک www.pta.gov.pk پر بھی دستیاب ہے۔
 
 
خرم علی مہران 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ