20 جنوری 2023ء

پی ٹی اے کی آپریٹروں کو آئی پی وی 6 میں منتقلی کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (20 جنوری، 2023): جدت اور ڈیجیٹلائزیشن کے تقاضوں کے پیش نظر پی ٹی اے نے تمام ٹیلی کام آپریٹر وں اور انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز کو کہا ہے کہ وہ انٹرنیٹ پروٹوکول (آئی پی) کے جدید ترین ورژن، آئی پی وی 6 ٹیکنالوجی پر اپنی منتقلی کے عمل کو جلد از جلد یقینی بنائیں۔ 
 آئی پی وی 6 یا انٹرنیٹ پروٹوکول ورژن 6 نیٹ ورک پر ڈیوائسز کی نشاندہی اور ان کے مابین ٹریفک کی روانی کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ ورژن پہلے ورژن یعنی آئی پی وی 4 کے مقابلے میں کئی زیادہ فوائد پر مبنی ہے بشمول انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی) کے استعمال کرتے ہوئے صارفین کو موبائل فون کے ذریعے گھریلو استعمال کی اشیاء و آلات کو کنٹرول کرنے کی راہ ہموار کرنے کے لیے آئی پی ایڈریسز کے بہت وسیع ذخائر پر مشتمل ہے۔ انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی) اور فائیو جی جیسی نئی ٹیکنالوجیز کے رول آؤٹ کے حوالے سے آئی پی وی 6 میں منتقلی کا عمل انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
پی ٹی اے آئی پی وی 4 سے آئی پی وی 6 میں اس تبدیلی کے حوالے سے اپنے لائسنس دہندگان کے ساتھ مصروف عمل ہے مزید برآں ایشیا پیسیفک نیٹ ورک انفارمیشن سینٹر (اے پی این آئی سی) اور انٹرنیٹ سوسائٹی (آئی ایس او سی) کے ذریعے استعداد کار کے ضمن میں بھی مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ پی ٹی اے کی ہدایات پر موبائل آپریٹروں نے صارفین کے لیے آئی پی وی 6 میں انتخاب کا طریقہ کار فعال کر دیا ہے۔ تاہم، پرائیویسی وجوہات کی بناء پر، صارفین کو نیٹ ورک کے اختیارات کو آئی پی وی 4 سے آئی پی وی 6 میں تبدیل کرنا پڑتا ہے۔ 
سمارٹ فون استعمال کنندگان اپنے فون سیٹ پر آئی پی وی 6 پی ٹی اے کی ویب سائٹ: (https://pta.gov.pk/assets/media/ipv6_graphic_10012023.jpg) پر بیان کردہ طریقہ کار کے تحت فعال کر سکتے ہیں۔ فکسڈ براڈ بینڈ استعمال کنندگان اپنے متعلقہ سروس فراہم کنندگان کے ذریعے بھی اسے کنفیگر کروا سکتے ہیں۔ صارفین مزید رہنمائی کے لیے اپنے آپریٹروں /سروس پرووائیڈرز سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
 
ملاحت عبید 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ