17 دسمبر 2022ء

پی ٹی اے کے زیر اہتمام لاہور میں صنفی شمولیت کی حکمت عملی پر مشاورتی ورکشاپ

اسلام آباد (17 دسمبر 2022): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے یونیسکو پاکستان کے تعاون سے لاہور میں ڈیجیٹل صنفی شمولیت کی حکمت عملی کی تیاری کے حوالے سے ایک مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔
پی ٹی اے زونل آفس لاہور میں ہونے والی یہ ورکشاپ پاکستان میں ڈیجیٹل صنفی تقسیم کے خاتمے کی حکمت عملی کے لیے مختلف اسٹیک ہولڈر اور ماہرین کی آراء جاننے کے لئے کی جانے والی پانچ مشاورتی ورکشاپوں کی سیریز میں سے دوسری ورکشاپ تھی۔ ورکشاپ میں نظامت کے فرائض یونیسکو کی کنسلٹنٹ صدف خان نے سر انجام دئیے۔ ورکشاپ میں گلوبل سسٹم فار موبائل کمیونیکیشن ایسوسی ایشن (جی ایس ایم اے)، ٹیلی کام آپریٹروں،تعلیمی اداروں ، اور ڈیجیٹل صنفی حقوق کے گروپس سمیت مختلف اسٹیک ہولڈر سے متعلقہ ماہرین نے شرکت کی۔
ورکشاپ کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ صنفی شمولیت کی حکمت عملی لوگوں کی ضروریات کے عین مطابق ہو اور اسے پہلے سے موجود نظاموں میں مؤثر طریقے سے ضم کیا جا سکے۔ اس حکمت عملی کی بدولت پی ٹی اے کو دیگر سرکاری و نجی شعبے کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعاون سے خواتین کے موبائل فون اور آئی سی ٹی کے استعمال کی راہ میں حائل مختلف رکاوٹوں پر قابو پانے میں معاونت ملے گی ۔ گزشتہ ماہ یہ ورکشاپ پشاور میں منعقد کی گئی تھی اور اگلی ورکشاپس کراچی، کوئٹہ اور اسلام آباد میں منعقد ہوں گی۔