07 جولائی 2022ء

پی ٹی اے کی طرف سے ''سائبر سیکیورٹی فریم ورک'' کی تشکیل

اسلام آباد (07جولائی 2022)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ٹیلی کام کے شعبے اور سائبر سیکیورٹی ماہرین کے ساتھ مشاورت کے بعد''سائبر سیکیورٹی فریم ورک'' تیار کر لیا ہے ۔
یہ فریم ورک پی ٹی اے کے کریٹیکل ٹیلی کام ڈیٹا اور انفراسٹرکچر سیکیورٹی ریگولیشن (سی ٹی ڈی آئی ایس آر)اورآڈیٹرز اور پی ٹی اے کے لائسنس دہندگان کی ذمہ داریوں کی تفویض پر مشتمل ہے ۔ سائبر سیکیورٹی فریم ورک کا پی ٹی اے کے سائبر سیکیورٹی ریگولیشنز کی روشنی میں گیپ اسیسمنٹ کے لیے آڈیٹرز کی رہنمائی کے ضمن میں بھی اہم کردار ہے۔ اس فریم ورک کے تحت ایک ایسا ماڈل بھی وضع کیا گیا ہے جس میں حفاظتی کنٹرول کی تشریح سمیت ضوابط کی بنیاد پر درجہ بندی کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین (آئی ٹی یو ) گلوبل سائبر سیکیورٹی انڈیکس (جی سی آئی) کو مد نظر رکھتے ہوئے ممبر ریاست کے سائبر سیکیورٹی فریم ورک کو اہمیت دیتی ہے۔
یہ فریم ورک ٹیلی کام شعبے کے سیکیورٹی لینڈ اسکیپ کو بہتر بنانے کی جانب اہم پیشرفت ہے جس کے ذریعے مختلف اداروں کو سائبر سیکیورٹی سے ملحقہ خطرات پر قابو پانے اور اس کے سدباب میں معاونت ملے گی۔