06 جنوری 2020ء

پی ٹی اے کی جانب سے اسلام آباد میں پی ٹی اے کرکٹ لیگ کا انعقاد

 (اسلام آباد :06 جنوری 2020 )پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کرکٹ گراؤنڈ، ایف 9 پارک، اسلام آباد میں ''پی ٹی اے کرکٹ لیگ (پی سی ایل)'' کے عنوان سے انٹر ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا ۔
 
ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیمیں شامل تھیں جنہوں نے ایک دوسرے کے مدمقابل چیمپئن شپ جیتنے کے لئے مقابلہ کیا۔فائنل کوآرڈینیشن/ ایل اینڈ آر ڈویژن کی ٹیم” یونائیٹڈ “اورسائبروجیلنس/ ایس اینڈ ڈی ڈویژن کی ٹیم ” اسٹرائیکرز“ کے مابین کھیلا گیا۔ انتہائی سخت مقابلے کے بعد یونائیٹڈ نے ٹورنامنٹ جیت لیا اور پی سی ایل 2020 کی ٹرافی اپنے نام کر لی۔ پی ٹی اے اتھارٹی کی جانب سے ونر اور رنر اپ ٹیموں کے مابین میڈلز اور ٹرافیاں دی گئیں۔ یاسر یعقوب کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی اور آصف سعید کو ٹورنامنٹ کا بہترین فیلڈر قرار دیا گیا۔ فائنل کا مین آف دی میچ عامر حسین کو دیا گیا۔ 
 
پی سی ایل کی خاص بات چیئرمین الیون اور ممبران الیون کے مابین کھیلا گیا ایک نمائشی میچ تھا جس میں پی ٹی اے کے سینئر افسران پر مشتمل دو ٹیمیں تھیں جس کی سربراہی چیئرمین پی ٹی اے، میجر جنرل (ر) عامرعظیم باجوہ ایچ آئی (ایم) اور اتھارٹی ممبران محمد نوید (ممبر فنانس) اور ڈاکٹر خاور صدیقی کھوکھر (ممبر کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ) نے کی۔ ٹورنامنٹ کے آخری روز پی ٹی اے کے ملازمین اور ان کی فیملیز کے لئے فیملی گالہ بھی منعقد کیا گیا۔ 
 
پی ٹی اے اتھارٹی نے چیمپئنز کو ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد پیش کی اور ٹورنامنٹ کے دوران بہترین انتظامات پر اسپورٹس گورننگ کمیٹی (ایس جی سی) اور منتظمین کی کاوشوں کی تعریف کی۔پی ٹی اے اتھارٹی نے ادارے میں صحت مند کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے حوالے سے اپنے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ملازمین کی طرف سے ایسی کاوشوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
 
 
خرم علی مہران
ڈائریکٹر تعلقات عامہ