24 مارچ 2021ء

کروناوائرس کے حوالے سے پی ٹی اے کی کاوشیں جاری

(اسلام آباد: 24 مارچ، 2020): مارچ 2020 سے ا ب تک پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) ملک بھر میں صارفین کو کورونا وائرس سے تحفظ کے لئے آگاہی ایس ایم ایس بھیجنے سے لے کر کورونا آگاہی رنگ بیک ٹون (آر بی ٹی)تک کورونا وائرس کے خلاف جاری قومی اقدامات کا بھر پور ساتھ دے رہا ہے ۔
 ملک بھر میں کو رونا وائرس سے تحفظ کے لئے موبائل فون استعمال کنندگان کو 19 مارچ 2020 سے اب تک اردو، انگریزی اور علاقائی زبانوں میں دو ارب (2 بلین )پیغامات بھیجے جا چکے ہیں۔ آگاہی کے ایس ایم ایس بیرون ملک سے آنے والے مسافروں اور دوران سفر کورونا وائرس کے مریضوں سے رابطے میں آنے والے افراد کو بھی بھیجے گئے۔ اب تک ایسے ایک کروڑ چھتیس ہزار(1.036 ملین)سے زائدپیغامات بھیجے جاچکے ہیں۔ اسی طرح 13کروڑ 17لاکھ (131.7 ملین)صارفین کے موبائل فونز پر کورونا آگاہی رنگ بیک ٹون (آر بی ٹی) کا آغاز کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے نے کارکردگی اور خدمات کے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیلی کام سیکٹر کو کامیابی کے ساتھ متحرک کیا۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کہ رابطوں کو بحال رکھا جا ئے پی ٹی اے نے فوری طور پر بین الاقوامی اور قومی بینڈوتھ کے رجحانات اور صلاحیتوں کا جائزہ لیا، اور تمام آپریٹرز کے استعداد کار میں اضافے، بیلنس کے لوڈ کو متوازن رکھنے اور ٹریفک کی اصلاح کے لئے ا قدامات کئے۔ ٹیلی کام آپریٹروں، خاص طور پر سیلولر موبائل آپریٹروں نے بے مثال پیمانے پر اس عالمی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں میں قابل ستائش کردار ادا کیا۔آپریٹروں نے صارفین کی سہولت کے لئے ڈیٹا الاؤنس میں اضافہ کیا اور رعایتی بنڈل اور پیکیج (اضافی ڈیٹا اور آن نیٹ وائس منٹ) متعارف کرائے۔ براڈ بینڈ کوریج (فکسڈ لائن اور موبائل) کے حوالے سے متاثرہ علاقوں میں نیٹ ورک کو تیزی سے پھیلانے کی کوششیں کی گئیں۔
مزید یہ کہ تعلیمی اداروں اور کاروبار وغیرہ کی سہولت کے پیش نظرجولائی 2020 سے اب تک745 آئی پیزوائٹ لسٹ کئے گئے جبکہ 2968 وی پی این کو رجسٹرکیا گیا ۔ اس دوران پی ٹی اے کی جانب سے کرونا وائرس پر قابو پانے کے لئے کام کرنے والے سرکاری اداروں کو 16 مختلف شارٹ کوڈ زاور 6 یو اے این (ٹول فری) نمبر بھی دئیے گئے ۔
 پی ٹی اے نے ا حساس پروگرام میں امداد کی رجسٹریشن کیلئے شارٹ کوڈ 8171 پر بھیجے جانے والے تمام ایس ایم ایس کو مفت قرار دیا۔ ایس ایم ایس سروس کو فری کرنے کا یہ فیصلہ بعض ایسے صارفین کی مشکلات کے پیش نظر کیا گیا ہے جن کا بیلنس صفر تھا۔مزید برآں، پی ٹی اے نے موبائل ٹیکنالوجی کے ذریعے امدد کے منتظر لوگوں تک پہنچنے کی کوششوں میں، بغیر کسی مالی فائد ے کے، پروگرام کو مکمل تعاون فراہم کیا۔
ٹیلی اسکول جو کہ طلباء کے لئے پاکستان کا پہلا تعلیمی چینل (پاکستان ٹیلی ویژن لمیٹڈ اور وزارت تعلیم کا مشترکہ پروجیکٹ) ہے کے حوالے سے آگاہی کے لئے 23کروڑ (239ملین) ایس ایم ایس بھیجے گئے ہیں۔ مزید یہ کہ خاص طور پر طلباء، اساتذہ اور والدین کو احتیاطی تدابیر کے حوالے سے 24 کروڑ 240)) ایس ایم ایس بھیجے گئے ہیں۔

پی ٹی اے نے موبائل صارفین سے ”وزیر اعظم ریلیف فنڈ 2020 برائے عالمی وبا ء کووڈ- 19“ میں عطیات جمع کر نے کے حوالے سے بھی اقدامات کئے ۔ صارفین کو16کروڑ 40 لاکھ 80 ہزار (164.08 ملین)ایس ایم ایس بھیجے گئے تاکہ اس نیک مقصد میں حصہ لیا جا ئے۔ اس سلسلے میں عطیات جمع کر نے کے لیے شارٹ کوڈ 6677مختص کیا گیا ۔
پی ٹی اے نے کورونا وائرس کے مریضوں کا پتہ چلانے ، کورونا وائرس کے کلسٹروں کی نشاندہی اور ٹیلی کام نیٹ ورک کے زریعے وسیع پیمانے پر آگاہی مہم چلانے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کا موثر انداز میں استعمال کیا۔
 
 خرم مہران
ڈاےئریکٹر تعلقات عامہ