22 جون 2022ء

پی ٹی اے کا پنجاب، سندھ، خیبرپختونخواہ ، بلوچستان اور اے جے اینڈ کے میں کوالٹی آف سروس سروے

(اسلام آباد: 22 جون، 2022): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا ، بلوچستان اورآزاد جموں و کشمیر (اے جے اینڈ کے) کے 15 شہروں اور 8موٹرویز/ہائی ویز/انٹر سٹی روڈز پر سروس کے معیار کو جانچنے کے لئے ایک آزاد کیو او ایس (کوالٹی آف سروس) سروے کیا۔ یہ سروے موبائل فون آپریٹروں (سی ایم اوز) کی کارکردگی اور خدمات کے معیار کو جانچنے کے لئے کیا گیا جو صارفین کو فراہم کی جا رہی ہیں۔
سروے کے دوران لائسنس میں درج آواز، نیٹ ورک کوریج، ایس ایم ایس اور موبائل براڈ بینڈ/ڈیٹا کے پی آئیزکو جدید ترین خودکار کوالٹی آف سروس مانیٹرنگ اور بینچ مارکنگ ٹول کے استعمال کے ذریعے چیک کیا گیا۔ ڈرائیو ٹیسٹ ٹیموں نے سروے کے راستوں کا انتخاب اس طرح کیا کہ اس میں سروے کے علاقوں میں اہم سڑکیں ، سروس روڈز اور زیادہ تر سیکٹرز/کالونیاں شامل ہوں ۔ یہ سروے متعلقہ لائسنسوں اور کوالٹی آف سروس ضوابط میں متعین کردہ معیار کے پیش نظر ہر کے پی آئیز کی تعمیل کی سطح کی بنیاد پر کیا گیا ۔ جس میں موبائل فون آپریٹروں کو سروے شدہ شہروں اور موٹرویز/ہائی ویز میں موبائل نیٹ ورک کوریج اور وائس سروسز کے حوالے سے ایک سے پانچ تک پوزیشن دی گئی۔ اسی طرح، موبائل براڈ بینڈ سپیڈ سیگمنٹ میں، درجہ بندی ڈیٹا ڈاؤن لوڈ نگ کی رفتار کے مطابق کی گئی۔ 
سروے کے نتائج سے یہ بات سامنے آئی کہ موبائل فون آپریٹروں کی جانب سے براڈ بینڈ خدمات کے حوالے سے کافی حد تک تعمیل کی گئی جبکہ پنجاب، سند ھ ، کے پی کے ، بلوچستان اور اے جے اینڈ کے کے کچھ علاقوں میں ایس ایم ایس اور وائس کے پی آئیزلائسنس کے مطابق نہیں تھے۔جس کے نتیجے میں آپریٹروں کو اصلاحی اقدامات کے لیے ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ لائسنس کے معیارات کے مطابق سروس میں بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔ سروے کے مکمل نتائج صارفین کی معلومات کے لیے پی ٹی اے کی ویب سائٹ (https://pta.gov.pk/en/consumer-support/qos-survey/qos-survey) 
 پرملاحظہ کئے جا سکتے ہیں۔سروس کے معیار کی جانچ پڑتال پی ٹی اے کی فیلڈ ٹیموں کے ذریعے انجام دی جا تی رہی ہے جس کامقصد آپریٹروں کو بہتر موبائل خدمات کی فراہمی اور ان کے درمیان صحت مند مقابلے کو فروغ دینا ہے۔
 
خرم علی مہران
ڈائریکٹر تعلقات عامہ