01 دسمبر 2022ء

پی ٹی اے کا پنجاب، سندھ اور گلگت بلتستان میں سروے

اسلام آباد (01 دسمبر، 2022): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پنجاب اور سندھ کے 09 شہروں اور پاکستان کے 13 موٹرویز/ہائی ویز پر آزادانہ طور پر کوالٹی آف سروس (کیو او ایس) سروے کیے ۔ علاوہ ازیں موبائل فون آپریٹروں (سی ایم اوز) کے ساتھ مل کر گلگت بلتستان کے 08 شہروں میں بھی یہ سروے کئے گئے۔ یہ سروے سی ایم اوز کی جانب سے صارفین کو فراہم کی جانے والی سروسز کی کارکردگی اور معیار کی جانچ کے لیے کیے گئے ۔
سروے کے نتائج سے یہ بات سامنے آئی کہ سی ایم اوز کی جانب سے ڈیٹا کی رفتار کے حوالے سے اقدامات کافی حوصلہ افزا تھے جبکہ نیٹ ورک میں تاخیر اور ویب پیج لوڈنگ کا وقت مقررہ معیار سے نیچے پایا گیا۔ اسی طرح، چند علاقوں میں وائس کے پی آئیز بھی لائسنسڈ تھریش ہولڈ سے نیچے پائے گئے ۔ آپریٹروں کو سروس کے معیار سے متعلق کے پی آئیز میں بہتری کے اقدامات کے لیے ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
نیکسٹ جنریشن موبائل سروس (این جی ایم ایس) لائسنس او ر موبائل فون نیٹ ورک کوالٹی آف سروس (کیو او ایس) ریگولیشنز 2021 کے مطابق، جدید ترین خودکار کیو او ایس مانیٹرنگ اور بینچ مارکنگ ٹول کے ذریعے موبائل نیٹ ورک کوریج، وائس،ایس ایم ایس اور موبائل براڈ بینڈ کے کیو او ایس کے پی آئیز کو چیک کیا گیا۔ ڈرائیو ٹیسٹ ٹیموں نے سروے والے علاقوں میں اہم شاہراؤں ،سڑکوں، سروس روڈز اور سیکٹرز/کالونیوں میں سروے کے راستوں کا انتخاب کیا۔ متعلقہ لائسنس اور کیو او ایس ضوابط کے مطابق تھریش ہولڈ کے پی آئیز کی بنیاد پر موبائل فون آپریٹروں کی سروے شدہ شہروں اور سڑکوں/موٹر ویز میں موبائل نیٹ ورک کوریج اور وائس سروسز میں 1 سے 5 ویں پوزیشن کے درمیان درجہ بندی کی گئی۔ اسی طرح، موبائل براڈ بینڈ سپیڈ سیگمنٹ میں درجہ بندی سب سے زیادہ ڈیٹا ڈاؤن لوڈ اور اپ لوڈ کی رفتار، نیٹ ورک لیٹنسی اور ویب پیج لوڈنگ ٹائم کے حوالے سے کی گئی ۔ 
سروے کے نتائج پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں: (https://pta.gov.pk/en/consumer-support/qos-survey/qos-survey)۔ سروس کے معیار کی نگرانی کے اقدامات پی ٹی اے کی فیلڈ ٹیموں کے ذریعے اٹھائے جاتے ہیں جس کا مقصد آپریٹر وں کی طرف سے بہتر موبائل سروسز کی فراہمی اور ان کے مابین مقابلے کی صحت مند فضاء قائم کرنا ہے۔ 
 
 
خرم مہران 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ