10  اگست 2021ء

پی ٹی اے کی لکی موٹر کارپوریشن لمیٹڈ کوسام سنگ موبائل ڈیوائسز کی تیاری کی اجازت

اسلام آباد (10 اگست، 2021):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ (ایم ڈی ایم) ریگولیشنز 2021 کے تحت، لکی موٹر کارپوریشن لمیٹڈ کو سام سنگ برانڈ موبائل ڈیوائسز کی تیاری کے لیے ایم ڈی ایم کی اجازت جاری کر دی ہے۔
کمپنی نے پاکستان میں کراچی میں سام سنگ برانڈ کے موبائل ڈیوائسز کی تیاری کے لیے موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کی اجازت کے لیے درخواست دی تھی۔ پاکستان میں سام سنگ موبائل ڈیوائسز بنانے کی اجازت ایک اہم کامیابی ہے جس سے پاکستانی مارکیٹ میں بڑے مقامی اور غیر ملکی پلئیرز کی موجودگی کو یقینی بناتے ہوئے متحرک موبائل مینوفیکچرنگ کے ماحولیاتی نظام میں بھرپور تبدیلی آئے گی۔ یہ صرف حکومت پاکستان کی ''ڈیجیٹل پاکستان'' کے حوالے سے جاری کوششوں کے نتیجے میں سازگار پالیسیوں کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔
 پی ٹی اے کی طرف سے اب تک 25 غیر ملکی اور مقامی کمپنیوں کو موبائل ڈیوائسز(2G/3G/4G) کی مقامی سطح پر تیاری کی اجازت دے دی گئی ہے۔
ان کمپنیوں کی جانب سے تیار کردہ موبائل ڈیوائسز نہ صرف ملک میں فروخت ہوں گی بلکہ خطے کی دیگر مسابقتی مارکیٹ میں بھی برآمد کی جائیں گی۔موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پلانٹس پاکستان میں صارفین کو روزگار کے نئے مواقع اور کم قیمت فون سیٹوں کی فراہمی میں بھی ممدو معاون ثابت ہوں گے۔
تمام ایم ڈی ایم اتھورائزیشن ہولڈرز کی تفصیلات پی ٹی اے کی ویب سائٹ www.pta.gov.pk پر موجود ہے.