12  ستمبر 2022ء

پی ٹی اے اور نیپرا کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد (12 ستمبر، 2022): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) اورنیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے معلومات کے تبادلے، باہمی تعاون، رابطہ کاری اور ملازمین کی استعداد کا ر بڑھانے کے حوالے سے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے۔ مفاہمتی یاداشت کی تقریب آج پی ٹی اے کے ہیڈ کواٹرز میں منعقد ہوئی۔ نیپرا کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل (ایڈمن / ایچ آر) نوید الٰہی شیخ نے ایم او یو پر دستخط کیے۔چیئرمین پی ٹی اے، میجر جنرل (ر) عامر عظیم باجوہ ایچ آئی (ایم)، چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی ، نیپرا اور پی ٹی اے کے مختلف شعبہ جات کے سینئر افسران نے دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔
تعاون کے شعبوں میں ایک کوآرڈینیشن میکانزم کا قیام بھی شامل ہے جس سے ڈیجیٹلائزیشن آف نیٹ ورکس میں بالخصوص سائبر سیکیورٹی ، اسمارٹ گرڈز کی طرف سے پیش رفت اور ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچر (اے ایم آئی) کے شعبوں میں بہتری لانے کے لئے کام کیا جائے گا۔ مزید برآں دیہی مقامات پر ٹیلی کام کے بنیادی ڈھانچے کے ذریعے توانائی کے متبادل سلوشنز، ٹیلی کام شعبے کے لیے پاور ٹیرف ،مستقبل کی ٹیکنالوجیز کے زیادہ سے زیادہ استعمال نیز دیگر تازہ ترین پیشرفت کے حوالے سے بھی معلومات کے اشتراک میں فائدہ اٹھایا جا سکے گا ۔ اس مفاہمت نامے میں دونوں اداروں کے لیے دستیاب تجربے ، معلومات ومتعلقہ مسائل اور تکنیکی ترقی پر سیشنز/ مباحثے کے فورمز/ تربیتی اور استعداد صلاحیت پر مبنی پروگرام بھی شامل ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ پی ٹی اے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہا ہے کہ شہریوں کو اعلیٰ معیار کی آئی سی ٹی خدمات تک رسائی ہو اور خاص طور پر ملک کے دور دراز علاقوں میں ہر جگہ کوریج سے فوائد حاصل ہوں۔ ملک بھر میں بہتر رابطوں کو برقرار رکھنے کے لیے، بلاتعطل بجلی کی فراہمی کے لیے نیپرا کے ساتھ تعاون بہت ضروری ہے۔
 چیئرمین نیپرا، نے اس موقع پر اس مفاہمت نامے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دونوں ریگولیٹرز کو مختلف شعبوں میں خاص طور پر آئی ٹی فکیشن آف نیٹ ورکس، سمارٹ گرڈز، ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچر پروگرام اور آف گرڈ پاور سلوشنز کی فراہمی میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے میں یہ مفاہمت نامہ مدد گار ثابت ہوگا۔