29 اپریل 2016ء

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی پریس ریلیز

پریس ریلیز


اسلام آباد:29اپریل 2016 (پ۔ر) : نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز کا لائسنس رکھنے والوں میں تمام وائس اور ڈیٹا سروس کوالٹی میں زونگ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اس سلسلے میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) ہیڈ کوارٹرز میں کیک کاٹنے کی تقریب منعقد کی گئی۔ چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر سید اسماعیل شاہ ، ممبر( فنانس)پی ٹی اے،طارق سلطان، ممبر (کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ)پی ٹی اے عبدالصمد، سی ای او زونگ لی ڈین فینگ اور ان کی ٹیم نے تقریب میں شرکت کی۔ 
پی ٹی اے نے حال ہی میں ٹو جی اور نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز (این جی ایم ایس) کی آواز اور ڈیٹا سروسز کے مطلوبہ معیار کو چیک کرنے کے لئے اسلام آباد ، راولپنڈی اور پشاور میں کوالٹی آف سروس(کیو او ایس) سروے مکمل کیا سروے کے مطابق تما م این جی ایم ایس لائسنس رکھنے والے آپریٹروں میں زونگ فور جی کی انٹرنیٹ ڈیٹا سپیڈ سب سے زیادہ ہے۔ زونگ نے2014 میں فور جی خدمات کیلئے 10MHz فریکوینسی سپیکٹرم حاصل کیا۔
اس موقع پر چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ پاکستان کے عوام کواعلیٰ معیار کی ٹیلی کام سروسز فراہم کرنا پی ٹی اے کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تھری جی فور جی کے آغازسے براڈ بینڈ استعمال کرنے والوں کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے۔ زندگی کے ہر شعبہ کے لوگ اب اپنے اپنے متعلقہ شعبوں میں آگے بڑھنے کے لئے ہائی سپیڈ انٹرنیٹ استعمال کر رہے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ ہم ٹیلی کام صارفین کو بہتر اور معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی اے نے مزید کہا کہ ہم مزید سپیکٹرم کی نیلامی کے لئے تیار ہیں اور جون2016 کے اختتام تک امید ہے کہ یہ عمل مکمل ہو جائے گا۔جس سے ملک میں سیلولر سروسز کا معیار مزید بہتر ہو گا۔ تھری جی / فور جی صرف براڈ بینڈ کی رفتار میں اضافہ ہی نہیں بلکہ اس میں معلومات میں اضافے کے ساتھ ساتھ شفافیت اور کارکردگی کو بھی تقویت ملے گی۔یہ ٹیکنالوجی بہتر پاکستان کی جانب ایک قدم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ زونگ ملک میں ٹیلی کام صارفین کو اعلیٰ کوالٹی کی خدمات فراہم کرنے کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔ 

 

خرم علی مہران
ڈائریکٹر تعلقاتِ عامہ