06 جنوری 2015ء

سکولوں کے لئے موبائل ایمرجنسی الرٹ سسٹم

 

اسلام آباد 6جنوری 2015 (پ۔ر) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) نے اسلام آباد پولیس اور موبائل ایپلیکیشن ڈویلپر پیور پش کے تعاون سے وفاقی دارلحکومت کے زیر انتظام چلنے والے سکولوں اور ہسپتالوں میں سیکیورٹی یقینی بنانے کے لئے موبائل ایمرجنسی الرٹ سسٹم فار اسکولز(ایم ای اے ایس ایس) کا آغاز کیا ہے۔اس حوالے سے پولیس افسران بشمول ایس پیز، ڈی ایس پیز، اور ایس ایچ اوز کے لئے پولیس لائنز اسلام آباد میں ایک تربیتی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں چےئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر سید اسماعیل شاہ، آئی جی پی اسلام آباد طاہر عالم خان اور اے آئی جی اسلام آباد سلطان اعظم تیموری نے شرکت کی۔ 
اس منصوبے کو حتمی شکل دینے کے لئے چےئرمین پی ٹی اے، اے آئی جی(آئی سی ٹی پولیس) اور پرائیویٹ موبائل ایپلیکیشن ڈویلپر پیور پش (PurePush)کے مابین متعدد ٹیکنیکل سیشن منعقد کئے گئے۔ جس کے نتیجے میں نئی ایپلیکیشن تیار کی گئی ہے اور جسے مؤثر نتائج کے لئے ٹیسٹ کیا گیا ہے۔ 
اس نظام تک رسائی کو ممکن بنانے کے لئے اینڈرائیڈ بیسڈ سمارٹ فون ایپلیکیشن اسلام آباد کے مختلف اسکولوں ، کالجوں ، یونیورسٹیوں اور ہسپتالوں میں انتظامی عملے کے حوالے کی جائے گی جس سے وہ ہنگامی حالات میں مدد کے لئے ایمرجنسی الرٹ بھیج سکیں گے۔ اسلام آباد پولیس اس نظام کے کنٹرول میں براہ راست اپنا کردار ادا کرے گی تاکہ سکیورٹی کے معاملات میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس سلسلے میں پیور پش نے 20 سمارٹ فونز اسلام آباد ایریا کے تمام تھانوں اور ایک ٹیبلٹ ریسکیو 15کو فراہم کی ہے جبکہ سمز ز ونگ موبائل کی طرف سے مہیا کی گئیں جس سے تعلیمی اداروں میں بروقت معلومات فراہم ہو سکے گی۔ یہ آلات تربیتی سیشن کے اختتام پر پولیس حکام کے حوالے کئے گئے۔ 
واضح رہے کہ یہ نظام بغیر کسی لاگت کے تیار کیا گیا ہے اور موجودہ موبائل انفراسٹرکچر پر مبنی ہے۔ اس نظام سے دہشت گردوں کی جانب سے حملوں، بم بلاسٹ، اغواء، آگ اور دیگر مشکوک سرگرمیوں کی صورتحال درپیش ہونے پر استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ 


خرم مہران
ڈائریکٹر تعلقات عامہ