02 اپریل 2021ء

موبائل براڈ بینڈ صارفین 10 کروڑ ہو گئے

اسلام آباد (02 اپریل، 2021): حکومت کی معاونتی پالیسیوں ، ٹیلی کام آپریٹروں کے مابین مئو ثر مسابقت اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی طرف سے جدید ٹیکنالوجی متعارف کروانے کے عزم کی بدولت پاکستان میں براڈبینڈ صارفین کی تعداد 10 کروڑ 100)ملین ) کے تاریخی سنگ میل پر پہنچ گئی۔ 
سال2012 میں 20لاکھ (2 ملین) سے بھی کم سبسکرپشنز تھیں لیکن تھری جی خدمات کے متعارف کرانے کے بعد، سال 2014 میں یہ تعدادایک کروڑ 60لاکھ ( 16 ملین )اور سال 2021 میں دس کروڑ( 100 ملین) ہوگئی۔ آج ملک کی 87 فیصد آبادی کو خطے میں سب سے کم نرخوں پر انٹرنیٹ / براڈ بینڈ خدمات تک رسائی حاصل ہے۔
مزید برآں، براڈبینڈ 3 جی / 4 جی نیٹ ورکس پر اوسطا ڈاؤن لوڈ کی رفتار 17.7 ایم بی پی ایس اور اپ لوڈ نگ سپیڈ 11.3 ایم بی پی ایس (موبائل) فراہم کی جا رہی ہے یہ رفتار دیگر علاقائی ممالک میں رفتار کی سطح سے زیادہ ہے۔ موبائل ڈیٹا کی قیمتیں کم ہو کر مجموعی قومی آمدنی یعنی گراس نیشنل انکم (جی این آئی ) کے فی کس صرف 0.70فیصد تک ہو گئیں ہیں یہ شرح اقوام متحدہ کے براڈبینڈ کمیشن کی سفارش کردہ شرح 2فیصدسے بھی کم ہے۔
مجموعی طور پر چاروں موبائل فون آپریٹر(سی ایم اوز)، ایس سی او اور پی ٹی سی ایل سمیت فکسڈ لائن براڈبینڈ آپریٹرز اب 10 کروڑ سے زیادہ کے براڈ بینڈ صارفین کے حامل ہیں۔ قومی معیشت کے ہر شعبے میں ڈیٹاسروسز کے بڑھتے ہوئے استعمال، صارفین میں مقبولیت اور آپریٹروں کے ذریعہ نئی اور جدید خدمات متعارف کرانے کی وجہ سے ایسا ممکن ہوا ہے۔
اس سے قبل بھی پاکستان میں ٹیلی کام کے شعبے نے بہت سارے سنگ میل حاصل کیے ہیں جس میں سال 2010 میں 100 ملین موبائل سبسکرپشنز تک پہنچنا،سال 2009 میں ملک بھر میں پہلی بار بائیو میٹرک سم ویریفیکیشن سسٹم متعارف کرانا اورسال 2019میں دنیاکے پہلے اوپن سورس ڈیوائس آئی ڈینٹٹی فیکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (ڈی آئی آر بی ایس )کا نفاذشامل ہے۔ 
پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی اس سنگ میل کے حصول میں صارفین اورسروس فراہم کنندگان کے تعاون کو سراہتا ہے ۔ ہم جلد ہی تمام فریقین اور قومی / بین الاقوامی ٹیلی کمیونٹی کے ساتھ اس سنگ میل کو باضابطہ طور پر منائیں گے۔
 
 
 
خرم علی مہران 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ