11 اکتوبر 2021ء

آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے لئے نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز کے لائسنسوں کا اجراء

اسلام آباد (11 اکتوبر، 2021):آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز (این جی ایم ایس) کے لائسنسوں پر دستخط کی تقریب آج یہاں منعقد ہوئی۔ تین موبائل فون آپریٹروں سی ایم پاک (زونگ)، ٹیلی نار پاکستان اور پی ٹی ایم ایل (یوفون) کوحالیہ نیلامی کا عمل مکمل ہونے کے بعد لائسنس جاری کئے گئے ہیں۔
تقریب میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان محمد خالد خورشید ،وفاقی سیکرٹری برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن، ڈاکٹر سہیل راجپوت، چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل عامر عظیم باجوہ (ریٹائرڈ) ، اتھارٹی کے ممبران، وزیراعظم کے معاون خصوصی اے جے اینڈ کے برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیکرٹری کشمیر اور جی بی افےئرز ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر فریکوئینسی ایلوکیشن بورڈ اور موبائل کمپنیوں کی سینئر انتظامیہ نے تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے امور کشمیر اور جی بی نے سپیکٹرم کی نیلامی کی کامیاب تکمیل کے لیے پی ٹی اے کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کامیاب موبائل آپریٹروں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ این جی ایم ایس کے توسط سے ڈیجیٹل تقسیم میں کمی واقع ہو گی اور ان علاقوں میں سیاحت کو بھرپور فروغ ملے گا۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے موبائل آپریٹروں کو این جی ایم ایس لائسنس کے حصول پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ اس سے اے جے اینڈ کے اور جی بی کی عوام کے لیے جدید ٹیلی کام سروسزکا ایک نیا دور کھلے گا۔
تقریب میں وفاقی سیکرٹری برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹرسہیل راجپوت نے کہا کہ وزارت آئی ٹی ملک میں رابطوں کے ذرائع اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی توسیع کے لیے پرعزم ہے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ پی ٹی اے کی جانب سے اعلیٰ معیار کی ٹیلی کام خدمات تک رسائی اور ہر جگہ کوریج کو یقینی بنانے کے حوالے سے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں دور دراز علاقوں میں جدید ترین ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کے لیے مسلسل کاوشیں جاری ہیں تاکہ کاروبار، تعلیم اور صحت کے مواقع تک رسائی ممکن ہو۔ 
واضح رہے کہ این جی ایم ایس کے نئے لائسنسوں کا اجراء حکومت پاکستان کے وژن ”ڈیجیٹل پاکستان “ کی روشنی میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو ٹیلی کام خدمات کی بہتر اور بلاتعطل فراہمی میں ممد و معاون ثابت ہوگا۔