13 فروری 2020ء

موبائل فون کے ذریعے پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) سے فائدہ اٹھانے کے موضوع پر بین الاقوامی ورکشاپ کا انعقاد

(اسلام آباد: 13 فروری، 2020): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے جی ایس ایم ایسوسی ایشن (جی ایس ایم اے) کے اشتراک سے پی ٹی اے ہیڈ کوارٹرز، اسلام آباد میں ”بذریعہ موبائل پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول“ کے سلسلے میں کیپسٹی بلڈنگ کے لئے دو روزہ تربیتی کورس کا انعقاد کیا۔

 

اس تربیتی کورس میں نیپال ٹیلی کام اتھارٹی (این ٹی اے) کے بین الاقوامی شرکاء کے علاوہ کابینہ ڈویژن، وزارت انفارمیشن ٹیکنا لوجی اینڈ ٹیلی کام (ایم او آئی ٹی)، وزارت انسانی حقوق، نیشنل کمیشن آن دی اسٹیٹس آف وومن،وزارت برائے وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت (ایم او ایف ای پی ٹی)، اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی)، پی ٹی اے، فریکوینسی ایلوکیشن بورڈ (ایف اے بی)، یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف)، ا گنائٹ، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ، انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ اور تھری جی ٹیکنالوجیز کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اس تربیتی کورس میں بذریعہ موبائل پائیدار ترقی کے حصول ، دیہی علاقوں میں موبائل کوریج کو بڑھانے کے اثرات اور موبائل براڈ بینڈ کوریج کے خلاء کو ختم کرنے میں حکومت اور صنعت کے کردارکا جائزہ لیا گیا۔
مسٹر مائیکل نائک، ڈائریکٹر ریسرچ، ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، جی ایس ایم اے نے شر کاء کو تربیت دی ۔ انہوں نے قومی ایس ڈی جی منصوبوں کے نفاذ پر موبائل کے اثرات کے حوالے سے حکمت عملیوں، پالیسی فریم ورک اور ریگولیٹری امور کے حوالے سے بات چیت کی۔
اس موقع پر چیئرمین پی ٹی اے، میجر جنرل عامر عظیم باجوہ (ر) نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کورس ایک اہم تجربہ ثابت ہوا، جس میں ایس ڈی جی کے تحت طے شدہ اہداف کے حصول میں موبائل کے اثرات کے حوالے سے اہم معلومات سامنے آئیں۔ پی ٹی ا ے دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر پائیدار ترقی کے مقاصد کے پیش نظر دیہی کمیونٹی میں موبائل اور انٹرنیٹ کے معاشی اور معاشرتی فوائدکے حوالے سے اپنی پوری کوشش کر رہا ہے۔ چیئرمین نے ورکشاپ کے انعقاد کے لئے تعاون پر جی ایس ایم اے کا بھی شکریہ ادا کیا اور مستقبل کے پروگراموں اور تربیت کے لئے پی ٹی اے کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
یہ کورس ''علاقائی ریگولیٹری ٹریننگ کے لئے پی ٹی اے - جی ایس ایم اے سنٹر آف ایکسی لینس پروگرام'' کے تحت منعقد کیا گیا ، جس کے تحت 2020 کی ہر سہ ماہی میں ٹیلی مواصلات اور آئی سی ٹی کے جدید موضوعات پر ایک تربیتی کورس منعقد کیا جائے گا۔
 
 
 
خرم مہران 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ