17 مئی 2021ء

کے ٹو بیس کیمپ پر ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ کی فراہمی

 اسلام آباد (17 مئی، 2021): ملک بھر میں سیاحت کو فروغ دینے کے حکومتی وژن کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور ٹیلی کام آپریٹرز سیاحتی مقامات پر ٹیلی کمیونیکیشن خدمات کو بہتر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔
کوہ پیماؤں اور ٹریکنگ کرنے والے افراد کو رابطوں کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے کے ٹو بیس کیمپ ایریا کنکورڈیا میں 4 جی بیس ٹرانسیور اسٹیشن (بی ٹی ایس) لگایا گیا ہے۔ اس سائٹ کا نام کوہ پیما علی سدپارہ کی یاد میں رکھا گیا ہے ۔ اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) نے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو بیس کیمپ پر رابطے کی سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے یہ ٹاور نصب کیا ہے ۔ اس سائٹ کا افتتاح وزیر اعظم پاکستان نے گلگت بلتستان کے حالیہ دورے کے دوران کیا تھا۔
موبائل کوریج اور انٹرنیٹ تک رسائی کوہ پیما ؤں اور ٹریکنگ گروپوں کو اپنے پیاروں کے ساتھ رابطے میں رہنے اور ہنگامی صورتحال میں مدد فراہم کرنے کے لئے انتہائی اہم ثابت ہوگی۔ اس سے ایڈونچر سیاحت کو فروغ اور موسم کی صورتحال سے آگاہی میں بھی مدد ملے گی۔ ملک کے کونے کونے میں رابطوں کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے یہ سائٹ حکومت، آپریٹر او ریگولیٹر کی کاوشوں کا ایک ثبوت ہے۔
 
 
خرم علی مہران 
ڈائیریکٹر تعلقات عامہ