17 مئی 2020ء

ورلڈ ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن سوسائٹی ڈے 17مئی 2020 کے موقع پر چیئرمین پی ٹی اے کا پیغام

ورلڈ ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن سوسائٹی ڈے 17مئی 2020 کے موقع پر چیئرمین پی ٹی اے کا پیغام 

 

ورلڈ ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن سوسائٹی ڈے(ڈبلیو ٹی آئی ایس ڈی) ہر سال 17 مئی کو منایا جاتاہے اس سال اس دن کا عنوان ”کنیکٹ 2030: آئی سی ٹی برائے پائیدار ترقیاتی اہداف“ ہے جو کہ پاکستان سمیت پوری دنیا کے لئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ 
 ورلڈ ٹیلی کام ڈے کے مرکزی خیال کے حوالے سے یہ بات میرے لئے اطمینان کا باعث ہے کہ پی ٹی اے دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ایس ڈی جیز کے اہداف کے پیش نظرڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنے اور دیہی علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ کے معاشی اور معاشرتی فوائدکو مد نظر رکھتے ہوئے موبائل اور انٹرنیٹ کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اپنا موثر کردار ادا کر رہا ہے۔پی ٹی اے جدید انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز (آئی سی ٹی) کے ذریعے معاشرے کے پسماندہ طبقات کی ترقی کے مقاصد کے حصول کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔اسی طرح پاکستان میں ٹیلی کام کا شعبہ عوام کی معاشی بہتری کے حوالے سے دیگر شعبوں کے لئے رول ماڈل بن چکا ہے۔یہ شعبہ ایس ڈی جیز کے حصول کے سلسلے میں موجودہ دہائی میں بھی اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔
ٹیلی مواصلات نیٹ ورکس کی ہمارے تحفظ ، فلاح اور معاشی بہتری کو بڑھانے کے حوالے سے موجودہ کوویڈ 19کے بحران میں جو اہمیت ہے وہ پہلے کبھی نہیں تھی ۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) حکومت پاکستان کی کرونا وائرس کے حوالے سے کاوشوں کو سپورٹ کرنے کے لئے کامیابی سے کردار اد کر رہا ہے۔ عوام کی آگاہی کے لئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کا مئوثر استعمال ، کرونا کو روکنے کے لئے ٹریس ، ٹریک اور کوارنٹائن کے طریقہ کا استعمال ، ضرورت مند افراد میں احساس پروگرام کے ذریعے فنڈ ز کی تقسیم اور وزیراعظم کے کوویڈ 19ریلیف فنڈ میں ایس ایم ایس کے ذریعے چندہ جمع کر نے کے حوالے سے اہم اقدامات کئے گئے ہیں۔
پی ٹی اے صارفین اور کاروباری اداروں کے لئے معاونت برقرار رکھتے ہوئے اس حوالے سے پرعزم ہے کہ نیٹ ورک دیرپا رہیں بالخصوص اس مشکل وقت میں ٹیلی کمیونیکیشن کی معیاری خدمات سب کو میسر ہوں۔ہم پائیدار مستقبل کے لئے آئی سی ٹیز کا بہترین استعمال کرنے اور ایک مضبوط، متحد اور منسلک پاکستان اور عالمی برادری کے قیام کے لئے پوری طرح پرعزم ہیں۔