18 جنوری 2023ء

افراد کے حوالے سے ایک اہم قدم: پی ٹی اے میں ٹیلی نار پاکستان کے ''اوپن مائنڈ پروگرام'' کے ذریعے گریجویٹ ٹرینی کی شمولیت

اسلام آباد (18جنوری، 2023):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے خصوصی افراد کے حوالے سے ایک اہم قدم کے طور پر ٹیلی نار پاکستان کے ساتھ شراکت داری میں ڈس ایبلٹی انکلوژن مینجمنٹ ٹرینی پروگرام ''اوپن مائنڈپاکستان“ (او ایم پی) پروگرام کے تحت اپنے پہلے گریجویٹ ٹرینی کو کامیابی کے ساتھ شامل کیا۔
اس ضمن میں پی ٹی اے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ایک مشترکہ تقریب منعقد ہوئی جس میں پی ٹی اے اور ٹیلی نار پاکستان دونوں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔
سال2022 میں، پی ٹی اے نے ٹیلی نار پاکستان کے ساتھ تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کیے جس کے تحت ریگولیٹر نے ایک خاتون(پرسن ود ڈس ایبلٹی) کو موصول کرنے پر اتفاق کیاجسے ٹیلی نار میں تربیت دی گئی۔ پی ٹی اے پبلک سیکٹر کا پہلا ادارہ ہے جس نے ٹیلی کام آپریٹر کے ساتھ شراکت داری کے تحت ٹیلی نار پاکستان کے ساتھ ڈس ایبلٹی انکلوژن مینجمنٹ ٹرینی پروگرام میں حصہ لیا۔
 ڈیجیٹل صنفی شمولیت کے اقدام کے تحت پی ٹی اے نے اپنی افرادی قوت میں بلا تفریق شمولیت کے فروغ کے لئے پروگرام متعارف کرایا۔ ڈس ایبلٹی انکلوژن مینجمنٹ ٹرینی پروگرام معذور خواتین گریجویٹس کے لئے ریگولیٹری امور میں تجربہ کے حصول اور اس کے جامع ماحول میں اپنی صلاحیتوں کے فروغ کے مواقعوں کی فراہمی کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
مزید برآں پی ٹی اے ایک ایسے ماحول کے فروغ کے لئے پر عزم ہے جس میں ملازمین بلا تفریق با اختیار ہو کر اپنے فرائض منصبی سر انجام دے سکتے ہیں۔ پی ٹی اے اور اس کی ویب سائٹ تک رسائی بین الاقوامی سطح پر رسائی کے تقاضوں اور معیارات کے عین مطابق ہے۔ پی ٹی اے پاکستان کے ان چند سرکاری اداروں میں سے ایک ہے جس کی ویب سائٹ مکمل طور پر رسائی کی خصوصیات کی حامل ہے۔
گریجویٹ ٹرینی نے ٹیلی نار پاکستان میں دوران ملازمت جامع تربیت حاصل کی اور اس دوران ڈیٹا کے تجزیہ، بزنس کمیونیکیشن، شماریاتی تجزیہ اور تحقیق کے شعبے میں ماہرین کے ساتھ کام کیا۔ پی ٹی اے میں انٹرن شپ کے دوران ٹرینی کو پی ٹی اے کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ قواعد و ضوابط اور پالیسیوں کے بارے میں معلومات کا ایک منفرد موقع میسر ہو گا۔ 
واضح رہے کہ ٹیلی نار پاکستان کا اوپن مائنڈ پاکستان پروگرام سال 2013 میں شروع کیا گیا تھا تاکہ معاون ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دوران ملازمت تربیت حاصل کرنے والوں کی استعداد کار میں اضافے کے ساتھ ساتھ خصوصی افراد کو میرٹ پر مبنی، مساوی مواقع فراہم کئے جا سکیں۔
 
 
ملاحت عبید 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ