14 دسمبر 2021ء

برانچ لیس بینکنگ :آسان موبائل اکاؤنٹ اسکیم کا آغاز

(اسلام آباد: 14دسمبر 2021) بینکاری سہولیات سے محروم آبادی کو با ضابطہ طور پر بینکاری خدمات کی فراہمی کے حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی مشترکہ کاوشوں سے ، آسان موبائل اکاؤنٹ (اے ایم اے) اسکیم کا باضابطہ آغاز ایس بی پی ہیڈ کوارٹرز، کراچی میں ایک تقریب کے دوران کیا گیا ۔ 
اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر، اور ممبر (فنانس) پی ٹی اے محمد نوید بھی موجود تھے ۔ تقریب سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے چےئرمین پی ٹی اے ، میجر جنرل عامر عظیم باجوہ (ریٹائرڈ) نے کہا کہ نیشنل فنانشل انکلوژن سٹریٹیجی(این ایف آئی ایس) کے اجراء کے ساتھ، حکومت پاکستان، پاکستان میں ادائیگیوں اور مالیاتی شمولیت کے لیے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کو مزیدمستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ پی ٹی اے کا کردار این ایف آئی ایس کے کلیدی نفاذ کنندگان میں سے ایک کے طور پر ہے جس کی بدولت پی ٹی اے اورایس بی پی ایک ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ 2016 میں موبائل بینکنگ انٹرآپریبلٹی کے لیے پہلا مشترکہ ریگولیٹری فریم ورک بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھا ۔ پی ٹی اے اورایس بی پی نے اس سلسلے میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بھی کام کیا۔
 چےئرمین پی ٹی اے نے مزید کہا کہ یہ اسکیم خواتین کو بلا تخصیص با اختیار بنانے کے لئے معیشت کے مرکزی دھارے میں لانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی جس سے ملک میں ان کی معاشی اور سماجی حیثیت میں بہتری آئے گی۔انہوں نے اے ایم اے اسکیم کے کامیاب آغاز پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان، کمرشل بینکوں، موبائل فون آپریٹروں اور وی آر جی کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان کی بڑی آبادی جو بینکاری خدمات سے محروم ہے کو اے ایم اے اسکیم کے ذریعے ہر جگہ مالیاتی خدمات میسر ہوں گی اور اٹھارہ کروڑ ستر لاکھ ( 187 ملین) سے زائد بائیو میٹرک طور پر تصدیق شدہ سموں اور صارفین کے لیے قابل رسائی ہوں گی۔ 
 اے ایم اے اسکیم آپریٹروں اور مالیاتی اداروں کے مابین مکمل باہمی تعاون کے تحت مالیاتی خدمات تک رسائی کے لیے آسان، تیز، محفوظ اورکم لاگت ذرائع کی فراہمی کے مقاصد کے پیش نظر ڈیزائن کی گئی ۔ یہ اسکیم ایک متحد یو ایس ایس ڈی پلیٹ فارم پر مشتمل ہے جس کے ذریعے کسی بھی موبائل فون (سمارٹ یا فیچر فون) سے ایک سادہ کوڈ *2262# ڈائل کرکے موبائل آپریٹر کی کوئی بھی سم استعمال کرتے ہوئے انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کے بغیرموبائل بینکنگ اکاؤنٹ کھولا جا سکتا ہے اور لین دین کی جا سکتی ہے ۔یہ اسکیم ملک میں مالیاتی شمولیت کے وسیع تر مقصد کے تحت ترقی کرتی، مستحکم اور مصدقہ معیشت کے لیے حکومت کی کوششوں کاحصہ ہے۔
 
خرم علی مہران 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ