04 جون 2015ء

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی پریس ریلیز

اسلام آباد 04جون 2015 (پ۔ر) پاکستان ٹیلی کمیو نیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) نے CISCOسسٹم کے تعاون سے اسلام آباد میں براڈ بینڈ فورم کا انعقاد کیا ۔ فورم کے انعقاد کا مقصد پاکستان میں براڈ بینڈ کی خدمات سے بھرپور استفادہ کر نے کے لئے مختلف طریقہ کار کا جائیزہ لینا تھا۔ چےئرمین پی ٹی ایڈاکٹر سید اسماعیل شاہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ ممبر( فنانس) پی ٹی اے طارق سلطان، ممبر (کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ) پی ٹی اے عبدالصمد، ممبر (ٹیلی کام )وزارت آئی ٹی مدثر حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جبکہ آئی ٹی اور ٹیلی کم انڈسٹری کے ماہرین ٹیلی کام کمپنیوں کے نمائندے اور اکیڈمیہ کے نمائندوں نے تقریب میں شرکت کی۔ 

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چےئرمین پی ٹی اے ڈاکٹرسید اسماعیل شاہ نے کہا کہ موبائل براڈبینڈ کی دستیابی نے پاکستان میں ترقیاتی مواقعوں کے لئے بہت سے دروازے کھول دئیے ہیں۔ ہائی سپیڈ انٹرنیٹ آنے والے سالوں میں تمام صنعتوں میں انقلاب لائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ موبائل براڈ بینڈ گزشتہ سال تھری جی فور جی سپیکٹرم کی کامیاب نیلامی کے ذریعے پاکستان میں متعارف کرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ براڈ بینڈ کے فوائد نچلی سطح تک ای سروسز، ای ہیلتھ، ای ایجوکیشن، ای کامرس اور ای گورننس کے طور پر پہنچنے چاہیے۔ 
ممبر (فنانس) پی ٹی اے نے ڈیجیٹل مالیاتی شمولیت میں موبائل براڈ بینڈ کیااہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے فنانشل شمولیت کی قومی پالیسی بنائی ہے جس کے تحت تخمینہ ہے کہ 2020تک ملک کی 50% آبادی کے پاس ڈیجیٹل اکاؤنٹس ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ موبائل بینکاری کے لئے تکنیکی ریگولیشن پر پی ٹی اے اور اسٹیٹ بینک کا م کر رہے ہیں۔ اس وقت 327 ملین آمدنی موبائل فون سیکٹر سے حاصل ہو رہی ہے جو 800ملین تک پہنچ جائے گی۔ 
ممبر (کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ) پی ٹی اے نے پہلے سیشن کی صدارت کی۔ شرکاء میں وہاج السراج، سی ای او نیا ٹیل، ڈیوڈ ہووے ماہر سسکو سسٹمز ا ور نیاز اے ملک، چیف کارپوریٹ سیلز زونگ شامل تھے۔ مقررین نے پاکستان میں براڈبینڈ کے ذریعے ترقی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور کچھ اقدامات تجویز کئے۔ شرکاء نے حال ہی میں پنجاب حکومت کی طرف سے براڈبینڈ پر لگائے گئے ٹیکس پر تحفظات کا اظہار بھی کیا جس سے براڈبینڈ کا فروغ متاثر ہو سکتا ہے۔ ممبر (کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ) پی ٹی اے نے پاکستان کے عوام کی سماجی واقتصادی حالت کو بہتر بنانے کے لئے براڈ بینڈ ٹیکنالوجی کے کردار پر روشنی ڈالی۔دوسرے سیشن کی صدارت ممبر ٹیلی کام وزارت آئی ٹی مدثر حسین نے کی جس میں ٹیلی نار کے اسلم حیات، یو ایس ایڈ کی کنول بخاری اور ڈاکٹر عامر متین نے شرکت کی، شرکاء نے براڈبینڈ کے ذریعے معاشرے کی ترقی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا تقریب کے آخر میں چےئرمین پی ٹی اے نے شرکاء کو یادگار شیلڈز پیش کیں۔