09 نومبر 2017ء

پی ٹی اے ، آئی سوک اور کامسیٹس کے زیر اہتمام آن لائن انٹرایکٹو ریموٹ تعلیم کا اجراء

اسلام آباد ۔09نومبر 2017پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے انٹرنیٹ سوسائیٹی (آئی سوک) ایشیاء پیسفک اور کامسیٹس انٹرنیٹ سروسز لیمٹڈ کے زیر اہتمام ملتان کے دیہی علاقے میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کے چھٹی کلاس کی طالبات کے لئے آن لائن انٹرایکٹو ریموٹ تعلیم کا اجراء کیا جو کہ گزشتہ سال آئی سوک کے وائیرلیس فار کمیونٹیز (ڈبلیو 4 سی) پروگرام سے منسلک تھا۔ 

    اس اہم منصوبے کا مقصد طالبعلموں کو ان کے مطالعہ کے مواد کو بہتر انداز میں سمجھانے کے لئے انہیں مفت اضافی تعلیمی معاونت فراہم کرنا تھا۔یہ ضمیمہ تعلیم منفرد طریقہ کار کے تحت فراہم کی جائے گی جو کہ بنیادی طور پر ان کی عام تدریسی کتابوں سے بالکل مختلف ہے۔ 

    ٹیلی تعلیم ایک معروف اور تجربہ کار ٹیلی تعلیم فراہم کنندہ ہے جو کہ اسلام آباد کے کلاس روم کے ذریعے انگریزی ،ریاضی اور سائنس کے مضامین میں تعلیم فراہم کرنے کا منصوبہ ہے ۔اس حوالے سے اساتذہ کی جانب سے فراہم کیا جا نے والا مواد مختلف سرگرمیوں، تصوراتی نقطہ نظر، متبادل دریافت اور آن لائن ذرائع استعمال کرتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ 

    اس منصوبے کی افتتاحی تقریب اسلام آباد میں واقع ٹیلی تعلیم کے دفتر میں منعقد ہوئی جس میں چےئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر سید اسماعیل شاہ ، ریجنل ڈویلپمنٹ مینجر آئی سوک نوید الحق، سی ای او کامسیٹس انٹرنیٹ سروسز جمشید مسعود، سی ای او ٹیلی تعلیم اسد کریم اور ساتھی تنظیموں سے دیگر شرکاء نے شرکت کی۔ 

    اس موقع پر چےئر مین پی ٹی اے نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت شروع ہی سے جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال پر مشتمل خیالات کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتی رہی ہے ۔ انٹرنیٹ مستقبل میں سماجی و اقتصادی ترقی کا نفاذ ہے اور اس منصوبے کے تحت نوجوان لڑکیوں میں انٹرنیٹ کے فوائد متعارف کرائے جائیں گے۔ 


                                زیب النسا ء 
                                اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعلقات عامہ