22 مارچ 2017ء

پریس ریلیز پی ٹی اے کرکٹ لیگ (پی سی ایل ) کا اسلام آباد میں انعقاد

پریس ریلیز
اسلام آباد، 22 مارچ 2017 : پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مختلف شعبوں کے مابین پہلا کرکٹ ٹورنامنٹ ' پی ٹی اے کرکٹ لیگ' کے نام سے کرکٹ گراؤنڈ ، ایف 9 پارک اسلام آباد میں منعقد کیا گیا۔ پی سی ایل کی سب سے نمایاں خصوصیت چیئرمین الیون اور ممبرز الیون کے مابین دلچسپ نمائشی میچ کا انعقاد تھا۔ میچ میں حصہ لینے والی دونوں ٹیمیں پی ٹی اے کے چیئرمین ڈاکٹر سید اسماعیل شاہ اور اتھارٹی ممبران عبدالصمد(ممبر کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ) اورطارق سلطان(ممبر فنانس) کی سربراہی میں سینئر افسران پر مشتمل تھیں۔ 

اس ٹورنامنٹ کے باعث پی ٹی اے کے ملازمین کی کھیلوں کے حوالے سے صلاحیتیں دوستانہ ماحول میں سامنے آئیں۔ چیمپئن شپ جیتنے کے لئے ٹورنامنٹ میں سات ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف مقابلہ کیا ۔ پی ٹی اے کے ملازمین اور انکی فیملیز پر مشتمل بڑی تعداد میں شائقین نے ولولہ انگیز سیمی فائنل اور فائنل میچ دیکھے۔ فائنل میچ انفورسمنٹ ڈویژن کی ٹیم' شیر دل' اور کوآرڈینیشن ڈویژن کی ٹیم ' واریئرز' کے درمیان ہوا، جس میں شیر دل ٹیم کو فتح حاصل ہوئی اور وہ پی سی ایل کی حقدار قرار پائی۔ ممبر فنانس طارق سلطان نے فاتح اور دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں میں ٹرافی اور میڈل تقسیم کئے ۔ شیر دل ٹیم کے کھلاڑی ندیم کو ٹورنامنٹ کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے پر ' پلیئر آف دی ٹورنامنٹ' اور ’’مین آف دی فائنل میچ ‘‘کے اعزازات سے نوازا گیا ۔ 
اس موقع پرپی ٹی اے اتھارٹی کی جانب سے جیتنے والی ٹیموں کو مبارک باد دی گئی اور کرکٹ مینجمنٹ کمیٹی خصوصا کاشف الٰہی بھٹی کو ٹورنامنٹ کے دوران بہترین انتظامات پر سراہا گیا۔ پی ٹی اے اتھارٹی نے ان عزائم کا اعادہ کیاکہ ادارے میں کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جائیں گے اور ملازمین کی ان سرگرمیوں میں بھرپور شمولیت پر بھی زور دیا۔ 
 

خرم علی مہران
ڈاےئریکٹر تعلقات عامہ